’ ٹائیگر زندہ ہے‘ کی پاکستان میں ریلیز پرپابندی

سلمان خان کی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کا سیکوئل ’ٹائیگرزندہ ہے‘ ریلیز کے لئے تیار ہے تاہم یہ پاکستان میں فلم سینما گھروں میں ریلیز نہیں ہو سکے گی۔

پاکستان کے مرکزی فلم سنسر بورڈ نے ’ٹائیگرزندہ ہے‘ کو نوآبجیکشن سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

چیئرمین سینٹرل بورڈ آف فلم سنسر مبشر حسن کے مطابق ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کو بھی انہی وجوہات کی وجہ سے این اوسی جاری نہیں کیا گیا جن کی بنیاد پر اس سیریز کی پہلی فلم’ایک تھا ٹائیگر‘ کو نہیں دیا گیا تھا۔ فلم میں پاکستان اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔‘

’ایک تھا ٹائیگر‘ 2012ء میں رہلیز کی گئی تھی۔ فلم میں کترینہ کیف نے پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی اور سلمان خان نے بھارتی ایجنسی را کے جاسوس کا کردار ادا کیا تھا۔ سیکوئل ’ٹائیگرزندہ ہے‘ میں بھی یہ دونوں یہی رول ادا کر رہے ہیں۔

سی بی ایف سی کے وائس چیئرمین محمد اشرف گوندل کے مطابق فلم میں جس طرح پاکستانی ایجنسی کی عکاسی کی گئی ہے اس کے بعد فلم کو عام نمائش کے لئے پیش کرنا مشکل ہے۔ ہماری سنسر پالیسی کے تحت ایسی کوئی بھی فلم جس میں پاکستان کے قومی اداروں یا سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف کوئی مواد ہو، اسے پاس نہیں کیا جاسکتا۔

’ٹائیگرزندہ ہے‘ میں پاکستان کی سیکورٹی ایجنسی کو جس اندازمیں پیش کیا گیا وہ پابندی کا سبب بنا ہے۔

’ٹائیگر زندہ ہے‘ سے متعلق دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا فلم کے لئے گایا گانا ’دل دیاں گلاں‘مقبولیت حاصل کر چکا ہے اور متعدد میوزک چارٹس میں پہلے نمبر پر آ رہا ہے۔

’ٹائیگرزندہ ہے‘ سنسر کی زد میں آنے والی رواں سال کی دوسری بھارتی فلم ہے۔اس سے پہلے سیف علی خان کی ’ایجنٹ ونود‘ کو بھی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں ملی تھی۔

تھوڑا اور پیچھے جائیں تو علی ظفر اسٹارر’تیرے بن لادن‘ اور پاکستانی اداکارہ اور ماڈل مومل شیخ کی بالی وڈ فلم ’ہیپی بھاگ جائیگی‘ بھی سنسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر پاکستان میں ریلیز نہیں ہو سکی تھیں۔