کراچی ... سلمان خان کی نئی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی ریلیز کا پاکستانی شائقین شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ پاکستان کے مرکزی سنسر بورڈ نے فلم میں کچھ کانٹ چھانٹ کے بعد فلم کو نمائش کی اجازت دے دی ہے۔
لاہور اور کراچی کے سنسر بورڈز ’بجرنگی بھائی جان‘ کو پاس کرچکے ہیں بس اب انتظار ہے تو لاہور سنسر بورڈ کے فیصلے کا۔ عام طور پر علاقائی سنسر بورڈز بھی فلم کے وہی حصے سنسر کرتے ہیں جو مرکزی سنسر بورڈ کی جانب سے کاٹے جاتے ہیں۔
سینڑل بورڈ آف فلم سنسرز (سی بی ایف سی) کے چیئرمین مبشر حسن کے مطابق فلم کے کچھ مناظر کو کاٹ چھانٹ کرکے فلم کو عید الفطر پر نمائش کی اجازت دے دی گئی ہے۔
یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ سی بی ایف سی ریگولیٹری باڈی ہے اور فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ دینا اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
اس سے قبل کبیر خان کی ڈائریکٹ کردہ سلمان خان کی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جبکہ وشال بھردواج کی فلم ’حیدر‘ کو بھی پاکستانی سنسربورڈ نے نمائش سے روک دیا تھا۔
’بجرنگی بھائی جان‘ بھی کبیر خان کی فلم ہے جس میں بجرنگی یعنی سلمان خان ایک گونگی بچی کو پاکستان واپس پہنچاتے ہیں جو زیارت کے لئے اپنی ماں کے ساتھ بھارت آئی تھی۔ لیکن، کسی طرح اپنی ماں سے بچھڑ جاتی ہے۔ بچی کو ماں تک پہنچانے کی جدوجہد ہی ’بجرنگی بھائی جان‘ کی اصل کہانی ہے۔
بھارتی اخبار ’مڈڈے‘ کے مطابق، سلمان خان پاکستان میں بے انتہا مقبول ہیں اور ان کے پاکستانی پرستارفلم کی پاکستان میں نمائش کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔
’بجرنگی بھائی جان‘ 17 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی اور پاکستان میں یہ عید کا موقع ہوگا۔اس موقع پر ’بن روئے‘ اور ’رانگ نمبر‘ سمیت کئی اور فلمیں سینما گھروں کا زینت بنیں گی۔