'کچھ برا ہو رہا ہے،' امریکی عہدیداروں کا ڈیلٹا ویریئنٹ سے متعلق ایک اور انتباہ

فلوریڈا میں ساحل سمندر کے نزدیک لوگ بغیر ماسک کے چہل قدمی کر رہے ہیں (رائٹرز)

امریکہ میں محکمۂ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اتوار کو ملک میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ میں اضافے سے متعلق نیا انتباہ جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ویکسین کو لازمی قرار دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔

صدر جو بائیڈن کے اعلیٰ میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے امریکی نشریاتی ادارے 'این بی سی' کے پروگرام 'میٹ دا پریس' میں گفتگو کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق کہا کہ "کچھ برا ہو رہا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہو گا۔"

وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ وہ توقع نہیں رکھتے کہ قومی سطح پر ویکسین کو لازمی قرار دیا جا سکے گا۔ لیکن جتنا جلد فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) ویکسین لگوانے کی مکمل منظوری دے گی تو یہ بہتر ہو گا۔

ڈاکٹر فاؤچی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند ہفتوں میں ویکسین کو لازم قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یونی ورسٹیوں، کاروباروں اور دیگر مقامی انٹرپرائزز پر زور دیا ہے کہ وہ ویکسین کو لازمی قرار دیں۔

ان کے بقول "میرے خیال میں جب ویکسین کی مکمل منظوری ہو گی، کچھ لوگ خود آگے بڑھ کر ویکسین لگوائیں گے لیکن جو لوگ ویکسین نہیں لگوانا چاہتے ان کے لیے مقامی سطح پر ویکسین کو لازم قرار دیا جانا ضروری ہے۔"

ڈاکٹر انتھونی فاوچی (رائٹرز)

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 16 کروڑ 60 لاکھ یعنی امریکہ کی تقریباً نصف آبادی نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے رکھی ہیں جس میں 12 برس سے زائد عمر کے بچے بھی شامل ہیں جب کہ 12 برس سے کم عمر کے بچوں کو بھی ویکسین لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ میں ایک دن میں ایک لاکھ کرونا کے نئے مریض سامنے آ رہے ہیں کیوں کہ کرونا کی قسم ڈیلٹا کی سبب گزشتہ ہفتے کی نسبت روزانہ کیسز میں دس گنا اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ یہ ویکسین نہ لگوانے والوں کی وبا ہے۔

ایسے میں جب فلوریڈا اور ٹیکساس میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، دونوں ریاستوں کے ری پبلکن گورنر ران ڈی سینٹس اور گریگ ایبٹ ویکسی نیشن اور ماسک سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ویکسین کو لازمی قرار دینا شخصی آزادی کے حق کے منافی ہے۔

ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر رک اسکاٹ، گورنر ڈی سینٹیس کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔

فاکس نیوز سنڈے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم واپس خوف کے ماحول کی طرف نہیں جا سکتے۔ لوگوں کو اپنا فیصلہ کرنے دیں۔

SEE ALSO: وائٹ ہاؤس کا غیر ملکی شہریوں کے لیے ویکسی نیشن کا ثبوت لازمی قرار دینے پر غور

لیکن گورنر آسا ہچنسن نے، جن کی ریاست آرکنسا میں ویکسین لگوانے والے افراد کی شرح بہت کم ہے، 'سی بی ایس' نیوز کے پروگرام 'فیس دا نیشن‘ میں اعتراف کیا کہ انہوں نے گزشتہ برس ماسک پر پابندی کے بل پر دستخط کر کے اسے قانون بنانے کی غلطی کی تھی۔

اساتذہ کی دوسری بڑی یونین 'امریکن فیڈریشن آف ٹیچرز' کے صدر رینڈی وینگارٹن نے این بی سی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں بتایا کہ ایسے میں جب اسکول کھل رہے ہیں، ہمیں ملازمین کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ویکسین کو لازمی قرار دیا جا سکے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی ڈائریکٹر فرانسز کولنز نے اے بی سی نیوز کے پروگرام 'دِس ویک' میں کہا کہ ’’ویکسین کے مؤثر اور محفوظ ہونے کے قابلِ بھروسہ شواہد موجود ہیں۔ براہ مہربانی اس کے بارے میں ذہن صاف کر لیں۔‘‘