ٹویوٹا کا 30 لاکھ سے زائد کاریں واپس منگوانے کا اعلان

فائل فوٹو

ٹویوٹا کی طرح کئی دیگر کمپنیوں کی کاروں کو بھی ائیر بیگ کے مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں 10 کروڑ کاروں کو واپس لیا جا چکا ہے۔

جاپان کی گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی ٹویوٹا نے بدھ کو دنیا بھر سے اپنی تیس لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ناقص ائیر بیگ اور ایندھن کے اخراج کے نظام کی خرابی کی وجہ سے واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹویوٹا نے ایندھن کے اخراج کے نظام کی خرابی کی وجہ سے 25 لاکھ سے زائد کاروں کو واپس لینے کا فیصلہ اس اعلان کی چند ہی گھنٹوں کے بعد سامنے آیا جس میں ٹویوٹا نے 15 لاکھ سے زائد کاروں کو ممکنہ طور پر ائیر بیگ میں خرابی کی وجہ سے واپس طلب کرنے کا بتایا تھا۔

کاروں کی واپسی کے اس عمل کا تعلق ائیر بیگ فراہم کرنے والی کمپنی تاکتا سے نہیں ہے جو گزشتہ چند مہینوں کے دوران بڑے پیمانے پر کاروں کی واپسی کی ذمہ دار ہے۔

ٹویوٹا کمپنی کی 'پرائیس'، 'پرائیس ان' اور 'لیکسس سی ٹی 200ایچ' ماڈل کی وہ کاریں واپس منگوائی جا رہی ہیں جو اکتوبر 2008 اور اپریل 2012 کے درمیان بنائی گئی تھی۔

ان گاڑیوں میں نصب ائیر بیگ میں ہوا بھرنے والے کچھ ایک پمپوں میں شگاف پیدا ہو گئے جس کی وجہ سے ڈرائیور اور مسافر سیٹ کی طرف نصب ایئر بیگ جزوی طور پر پھیل سکتے ہیں۔ ٹویوٹا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ اس نقص کے نتیجے میں ہونے والے کسی جانی ںقصان سے آگاہ نہیں ہے۔

پرائیس کے ایک دوسرے ماڈل اور ٹویوٹا کمپنی کے معروف کرولا ماڈل کی گاڑیاں جو 2006 اور 2015 کے درمیان بنائی گئی انھیں بھی واپس لینے کا بتایا گیا ہے۔

ٹویوٹا کی طرح کئی دیگر کمپنیوں کی کاروں کو بھی ائیر بیگ کے مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں 10 کروڑ کاروں کو واپس لیا جا چکا ہے۔ ان ںاقص ائیر بیگ کی وجہ سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور تقریباً ایک سو زخمی ہو چکے ہیں۔