تھائی لینڈ: میکسیکو کی خواجہ سرا نے مقابلہ حسن جیت لیا

تھائی لینڈ میں اتوار کو ہونے والا مس انٹرنیشنل کوئن 2020 کا مقابلہ میکسیکو کی خواجہ سرا ویلنٹینا فلوکیئر نے جیت لیا ہے۔ مقابلہ جیتنے پر ان کی تاج پوشی کی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مس انٹرنیشنل کوئن 2020 کے نام سے ہونے والا یہ مقابلہ حسن پچھلے 15 سالوں سے جاری ہے جس میں دنیا بھرکی خواجہ سرا حصہ لیتی ہیں۔ مقابلے میں پہلے نمبر پر آنےوالی خواجہ سرا کی تاج پوشی کی جاتی ہے۔

تاج پوشی کے بعد فلوکیئر نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کو لاطینی امریکہ کی تمام خواجہ سراؤں کے نام کرتی ہیں، یہ میری ہی نہیں ان سب ہی کی کامیابی ہے۔

مقابلے میں برازیل سے تعلق رکھنے والی خواجہ سرا روتھای پریا نوانگلی نے دوسری اور تھائی لینڈ کی خواجہ سرا ایریلا مورا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تاج پوشی کی تقریب میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لوگوں کی کم تعداد شریک ہوئی حالانکہ منتظمین نے کرونا وائرس کی سخت چانچ پڑتال کے بعد ہی لوگوں کو اندر جانے کی اجازت دی۔

منتظمین کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بیمار افراد تقریب میں شرکت نہیں کرسکتے جب کہ تقریب سے ایک دن پہلے حفاظتی لباس میں ملبوس عملے نے تقریب کی جگہ کو سخت انتظامات کے بعد پوری طرح محفوظ قرار دیا تھا۔

حتیٰ کہ اسٹیج پر جانے والے تمام افراد اور عملے کا بھی جسمانی درجہ حرارت چیک کیا گیا اور کلیئرنس کے بعد ہی انہیں آگے بھیجا گیا۔

تھائی لینڈ چین سے باہر پہلا ملک تھا جہاں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی تاہم اب تک صرف 50 کیسز ہی اب تک سامنے آسکے ہیں جس کے سبب تھائی لینڈ میں سخت مثاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل نہیں۔