رواں سال ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کی نامزدگی کی مہم کے دوران صدارت کے لیے ممکنہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسلام مخالف بیانات اور نفرت انگیز تقاریر کی گھن گرج سنائی دی، ایسے میں اگر یہ کہا جائے کہ امریکہ میں مسلمانوں کےخلاف بڑھتے ہوئے عدم برداشت اور نفرت کا علاج ایک دوا کے ذریعے ممکن ہے تو کیا آپ اس بات پر یقین کر لیں گے ؟
اگر دیکھا جائے تو واقعی اسلامو فوبیا جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک طبی حل پہلی نظر میں صرف ایک مذاق ہی معلوم ہوتا ہے لیکن، امریکہ میں مسلمانوں سے نفرت کی روک تھام کے لیے سرگرم تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیش یا "کیئر" نے اس پھیلنے والی "وبا" کے علاج کے لیے ایک 'فرضی علاج' متعارف کرایا ہے۔
امریکہ میں مسلمانوں کے حقوق کی علمبردار تنظیم کیئر نے امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں میں مسلمانوں سے نفرت کے منفی رجحان سے نمٹنے کے لیے طنزو مزاح پر مبنی ایک عوامی آگاہی کی مہم شروع کی ہے۔
اپنی سوشل میڈیا کی نئی مہم کے لیے کئیر کی طرف سے ایک فرضی دوا 'اسلامو فوبن' تقسیم کی جا رہی ہے، جسے اسلام سے بے پناہ خوف اور مسلمانوں کےخلاف نفرت کے مرض کے لیے ہلکا پھلکا علاج قرار دیا گیا ہے۔
کیئر کی ویب سائٹ کے مطابق اسلام فوبن مہم ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے مسائل کو ہنسی مذاق کے ذریعے چیلنچ کرنے کی ایک کوشش ہے۔
کیئر کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبن مضحکہ خیز ہے لیکن، اسلامو فوبیا مذاق نہیں ہے۔
یہ دوا دراصل شوگر فری چیونگم ہے اور اس کا مقصد تشخیص یا کسی طبی علامات کا علاج نہیں ہے۔
اس دوا کے ساتھ کیئر کا یہ پیغام ہے کہ گولیوں کو اپنے جاننے والوں کے ساتھ شیئر کریں اور اسلام فوبیا کو دور بھگانے میں ہماری مدد کریں۔
اسلامو فوبن کے پیکٹ پر درج ہدایات کے مطابق یہ گولیاں مسلمانوں کے خلاف نفرت کے تاثر کو زائل کرنے کے لیے ایک علاج ہے۔
یہ گولیاں ایسے لوگوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی، جو مسلمانوں سے نفرت اور خوف میں مبتلا ہیں اور ہر اس شخص کو مشکوک سمجھتے ہیں جو ان جیسا نہیں ہے، یا پھر وہ کسی مسلمان کے ساتھ سامنا ہونے پر گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں جبکہ یہ دوا ان کے لیے بھی ہے جو ہوائی سفر سے پہلے یہ دعا کرتے ہیں کہ ان کی فلائٹ میں کوئی مسلمان مسافر سوار نا ہو۔
علاوہ ازیں صرف دو گولیاں کھانے سے اسلام فوبیا کے مرض میں خاطر خواہ افاقہ حاصل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس مہم میں ان لوگوں کو گولیاں کھانے سے منع کیا گیا ہے جو پہلے سے مذہبی تنوع، رواداری اور باہمی الفت پر یقین رکھتے ہیں۔
پیکٹ پر درج انتباہ کے مطابق جیسے ہی آپ تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے لیے دل میں ہمدردی محسوس کرنے لگیں تو فوری طور پر دوا کا استعمال بند کر دیں۔
یہ چیونگم امیزون پر فروخت کے لیے دستیاب ہے اور اس کی قیمت 1.99ڈالر ہے اس دوا کو امریکہ اور برطانیہ میں کیئر نیشنل کی طرف سے فراہم کیا جا رہا ہے۔