صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نیویارک میں کرونا وائرس کے خلاف جاری کارروائیوں میں مدد کے لیے مزید ایک ہزار فوجی بھیج رہے ہیں۔ اس سے پہلے نیویارک میں تقریباً ہزار بستروں پر مشتمل ایک بحری فوجی اسپتال بھیجا جا چکا ہے جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔
نیویارک میں ہفتے کی شام تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے زیادہ تھی جن میں سے 63 ہزار سے زیادہ صرف نیویارک شہر میں ہیں جس کی وجہ سے اسپتالوں پر بہت بوجھ پڑ گیا ہے اور طبی عملہ بھی اس عالمگیر وبا سے متاثر ہو رہا ہے۔
امریکہ اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکا ہے جہاں ہفتے کی شام تک متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ سے بڑھ گئی تھی۔ اور آٹھ ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس پر اپنی روزانہ کی معمول کی کانفرنس میں کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے کہ یہ مہلک وائرس آنے والے دنوں میں بہت سے امریکیوں کی جانیں لے لے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر لوگوں نے احتیاط نہ کی تو جانی نقصان اندازوں سے کہیں زیادہ بھی ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل وہ خبردار کر چکے ہیں کہ مہلک وائرس ایک لاکھ سے دو لاکھ چالیس ہزار تک امریکیوں کو ہلاک کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کے لیے وینٹی لیٹرز سمیت تمام ضروری ساز و سامان اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔