صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ میں نئے امریکی سفیر کے طور پر وہ محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیدر نوئرٹ کو نامزد کریں گے۔
جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ ’’وہ (نوئرٹ) نِکی ہیلی کے ساتھ کام کریں گی، تاکہ اقوام متحدہ میں نِکی کی جگہ لیں‘‘۔
ہیدر نوئرٹ کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ ’’وہ بہت ہی باصلاحیت، انتہائی سمارٹ اور فیصلے کی فوری صلاحیت کی مالک ہیں۔ اور میرے خیال میں سبھی اُن کی عزت کریں گے‘‘۔
اکتوبر میں ہیلی نے اعلان کیا تھا کہ وہ سال کے آخر میں عہدے سے الگ ہو جائیں گی۔
اڑتالیس سالہ نوئرٹ نے اپریل 2017ء میں امریکی محکمہٴ خارجہ کی ترجمان کے طور پر فرائض سنبھالے، جس سے قبل وہ ’فوکس نیوز‘ کی اینکر اور اخباری نمائندے کے طور پر کام کر چکی ہیں۔
وہ ’فوکس نیوز چینل‘ کی صبح کی نشریات میں ’فوکس اینڈ فرینڈز‘ پروگرام میں اینکر تھیں، جس کے لیے ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ دیکھا کرتے تھے۔ اِن دنوں، وہ محکمہٴ خارجہ میں قائم مقام معاون وزیرِ خارجہ برائے عوامی سفارت کاری اور تعلقاتِ عامہ کے عہدے پر فائز ہیں۔
نوئرٹ کی تعیناتی امریکی سینیٹ کی توثیق سے مشروط ہوگی اور سفارت کاری اور سیاسی معاملات کا کوئی تجربہ نہ ہونے کے باعث انہیں توثیق کے عمل کے دوران سینیٹروں کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی میں ہیدر نوئرٹ کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس اور وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے خاصے قریب ہیں اور بیشتر بیرونی دوروں پر بھی وزیرِ خارجہ کے ہمراہ ہوتی ہیں۔
اگر سینیٹ نے نوئرٹ کی نامزدگی کی توثیق کردی تو وہ اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی موجودہ سفیر نکی ہیلی کی جگہ سنبھالیں گی جنہوں نے اکتوبر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ہیلی رواں سال کے اختتام پر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گی۔
تاہم، وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں اداروں کو بتایا ہے کہ ہیدر نوئرٹ کی نامزدگی کے بعد اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر کا عہدہ کابینہ کا حصہ نہیں رہے گا جیسا کہ وہ نکی ہیلی کے دور میں ہوا کرتا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق صدر ٹرمپ سال کے اختتام سے قبل وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف جان کیلی سمیت اپنی حکومت کے بعض دیگر اہم عہدیداروں کی تبدیلی پر بھی غور کر رہے ہیں۔