منتخب صدر ٹرمپ دوسری مرتبہ ٹائم میگزین کے’پرسن آف دی ائیر‘ بن گئے

منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک اسٹاک ایکس چینج میں گھنٹی بجا کر کاروباری دن کا آغاز کرنے کے موقع ہر۔ پس منظر میں ٹائم میگزین کے ٹائٹل کا پوسٹر بھی نظر آ ریا ہے جس میں ان کی تصویر اور پرسن آف دی ایئر لکھا ہوا ہے۔ 12 دسمبر 2024

  • ٹائم میگزین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار پرسن آف دی ائیر منتخب کیا ہے۔ اس سے قبل وہ 2016 میں بھی سال کی شخصیت رہ چکے ہیں۔
  • نیویارک اسٹاک ایکس چینج نے جمعرات کو اپنے کاروباری دن کا آغاز ٹرمپ سے کروایا، جو ایک اعزاز ہے۔
  • کاروباری دن کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ٹرمپ نے روایتی طور پر گھنٹی بجا کر کیا۔
  • ٹائم میگزین ہر سال کے آخر میں اس شخصیت کو پرسن آف دی ایئر کا اعزاز دیتا ہے جو سال بھر سب سے زیادہ خبروں میں رہا ہو۔
  • ٹرمپ نے ٹائم میگزین کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ حلف اٹھانے کے پہلے گھنٹے میں کیپیٹل ہل پر حملے میں سزا یافتہ زیادہ تر لوگوں کو رہا کر دیں گے۔
  • ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ غزہ جنگ بند کرانا چاہتے ہیں اور یہ بات نیتن یاہو کو بھی معلوم ہے۔

موقرٹائم میگزین نے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پرسن آف دی ائیر یعنی سال کی منتخب شخصیت قرار دیا ہے۔ جمعرات کو ہی ٹرمپ نے نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں افتتاحی گھنٹی بجا کر دن کا آغاز کیا۔

ٹائم میگزین کے چیف ایڈیٹر سیم جیکبز نے پرسن آف دی ایئر کا اعلان این بی سی چینل کے ایک شو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2024 کے ’پرسن آف دی ایئر‘ کا اعزاز ٹرمپ کو جا رہا ہے کیونکہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جو 2024 کے دوران سب سے زیادہ خبروں میں رہے۔

جیکبز نے یہ بھی کہا کہ پرسن آف دی ائیر چننے کے لیے میگزین میں گرماگرم بحث ہوتی ہے، لیکن اس سال یہ فیصلہ کرنا سب سے آسان رہا۔

ٹرمپ کو یہ اعزاز جمعرات کی صبح ایک ایسے موقع پر ملا جب انہوں نے نیویارک اسٹاک ایکس چینج میں گھنٹی بجا کر کاروبار کے دن کا آغاز کیا۔

نیویارک اسٹاک ایکس چینج کے شیشے کی دیوار پر ٹائم میگزین کے ٹائیٹل کا عکس، جس میں ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ پرسن آف دی ایئر لکھا ہے۔ 12 دسمبر 2024

نیویارک اسٹاک ایکس چینج میں اہم شخصیات کو کاروباری دن کا آغاز کرنے کی گھنٹی بجانے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے جسے ایک اہم اعزاز سمجھا جاتاہے۔

ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے منتخب صدر نے سیاست میں آنے سے قبل اپنی قسمت بنانے کے لیے نیویارک میں رئیل اسٹیٹ سے اپنا سفر شروع کیا اور ایک کامیاب کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار کے طور پر اپنا مقام بنایا۔

اپنی پہلی صدارتی مدت میں انہوں نے اپنی کامیابی کو اسٹاک مارکیٹ کو مضبوط بنانے سے تعبیر کیا اور پھر اسی اسٹاک مارکیٹ نے ان کے دوبارہ منتخب ہونے کا خیرمقدم کیا۔

ٹرمپ کو سال 2016 میں بھی ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ کا اعزاز مل چکا ہے۔

ٹرمپ نیویارک اسٹاک ایکس چینج کے صدر لین مارٹن کے ساتھ۔ میلائنا ٹرمپ دائیں جانب ہیں۔ 12 دسمبر 2024

ٹائم میگزین نے 2020 میں ڈیموکریٹک صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کو اس اعزاز سے نوازا تھا اور گزشتہ سال پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کو پرسن آف دی ایئر قرار پائیں تھیں۔

ٹرمپ نے جمعرات کو صبح ساڑھے نو بجے نیویارک اسٹاک ایکس چینج میں گھنٹی بجا کر کاروباری دن کا آغاز کرنے کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔

ٹرمپ نے دوسری مرتبہ ٹائم میگزین کے پرسن آف دی ائیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہےکہ اس بار یہ اعزاز ملنا زیادہ بہتر ہے۔

میگزین کے ساتھ ٹرمپ کا انٹرویو

انہوں نے ٹائم میگزین کے ساتھ اپنے انٹرویو میں اپنی مستقبل کی انتظامیہ کے لیے جن شخصیات کو چنا ہے، ان میں سے کچھ کا ذکر کیا، جن میں مالیات کے وزیر کے طور پر منتخب کیے جانے والے سکاٹ بیسنٹ بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی کچھ پالیسیوں پر بھی بات کی جن کا وہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔ ان میں اس ہفتےکو کیا گیا وہ وعدہ بھی شامل ہے کہ ان کی آنے والی وفاقی حکومت بہت تیزی سے اجازت نامے جاری کرے گی جن میں ماحولیات اور تعمیرات کے پراجیکٹس بھی ہوں گے۔

منتخب صدر ٹرمپ جمعرات کی صبح نیویارک اسٹاک ایکس چینج آ رہے ہیں۔ 12 دسمبر 2024

ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت تیزی سے آگے بڑھیں گے۔ ہمیں دنیا کے کچھ اہم اور بڑے مسائل کو حل کرنا ہے۔

جمعرات کو شائع ہونے والے انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ چھ جنوری 2021 کو کیپیٹل بلڈنگ میں ہنگامہ آرائی میں سزا پانے والوں میں سے زیادہ تر کو معاف کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل پہلے گھنٹے میں بلکہ پہلے نو منٹ میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنی انتظامیہ کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر اس شخص کو برطرف کر دیں گے جو ان کی پالیسیوں پر عمل نہیں کرے گا۔

غزہ کی جنگ سے متعلق ایک سوال پر بات کرتے ہوئے منتخب صدر کا کہنا تھا کہ وہ اس جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور یہ کہ یہ بات اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو بھی معلوم ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نیتن یاہو پر اعتبار کرتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں کسی پر بھی بھروسہ نہیں کرتا۔

(اس رپورٹ کی تفصیلات اے پی سے لی گئیں ہیں)