صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی شاہ سلمان امریکی فوج کی مدد کے بغیر دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔ مسٹر ٹرمپ کے اس بیان کو تیل کی بڑھی ہوئی قیمتوں کے پس منظر میں مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے قریبی ترین اتحادی پر دباؤ بڑھانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تاہم، تجزیہ کار خبردار کر رہے ہیں کہ ایسے میں جب تیل کی پیداوار میں قلت آئی ہے اور پھر ایران پر نومبر کے شروع میں ٹرمپ کی پابندیاں بھی نافذالعمل ہونا ہیں، تیل کی قیمت عالمی منڈی میں 100 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر جا سکتی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، صدر ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے طویل عرصے سے جاری فوجی تعلقات پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
گزشتہ شب مسی سیپی سے واپسی پر انہوں نے ایک بار پھر سعودی عرب میں السعود خاندان کی بادشاہت کا ذکر کیا اور کہا کہ اگر ان کو امریکہ کی فوجی معاونت حاصل نہ ہو تو یہ اپنے خاتمے کو پہنچ جائے گی۔
ایک مجمع سے خطاب میں ان کے الفاظ تھے، ’’ہم سعودی عرب کو تحفظ فراہم کرتے ہیں، آپ نہیں کہیں گے کہ وہ امیر لوگ ہیں؟ میں بھی شاہ سے پیار کرتا ہوں، لیکن شاہ، ہم آپ کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ آپ ہمارے بغیر دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔ آپ کو فوجی اخراجات ادا کرنا ہوں گے، ہر صورت کرنا ہوں گے‘‘۔
صدر ٹرمپ کے ریمارکس پر سعودی عرب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
مسٹر ٹرمپ کے داماد جیراڈ کشنر سعودی شاہ سلمان کے صاحبزادے محمد بن سلمان کے ساتھ قریبی تعلقات کی خواہش ظاہر کرتے آئے ہیں۔ لیکن، تیل کی قیمتیں ان تعلقات کی راہ میں رکاوٹ بنتی نظر آ رہی ہیں۔