صدارتی انتخابی مہم کے دوران، ٹرمپ اکثر مرخیل پر نکتہ چینی کیا کرتے تھے، یہ الزام لگاتے ہوئے کہ مہاجرین کی بڑی تعداد قبول کرکے اُنھوں نے ’’جرمنی کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے‘‘۔ وائٹ ہاؤس ترجمان نے اِس بات کی تفصیل نہیں بتائی آیا دونوں کس معاملے پر گفتگو کریں گے
واشنگٹن —
صدر ڈونالڈ ٹرمپ اِس ماہ کے اواخر میں جرمن چانسلر آنگلہ مرخیل کا وائٹ ہاؤس میں خیر مقدم کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان، سارا سینڈرز نے بتایا ہے کہ یہ ملاقات 14 مارچ کو ہوگی۔ امریکی انتخابات کے بعد ٹرمپ اور جرمن چانسلر کے مابین یہ پہلی بالمشافیٰ ملاقات ہوگی۔
صدارتی انتخابی مہم کے دوران، ٹرمپ اکثر مرخیل پر نکتہ چینی کیا کرتے تھے، یہ الزام لگاتے ہوئے کہ مہاجرین کی بڑی تعداد قبول کرکے اُنھوں نے ’’جرمنی کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے‘‘۔
مرخیل، جنھیں یورپ میں بہت اثر و رسوخ حاصل ہے، ٹرمپ کی جانب سے اختیار کردہ مہاجرین اور امیگریشن سفری پابندی کے معاملے پر نکتہ چینی کرتی رہی ہیں، جس پر عدالتوں نے حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔
سینڈرز نے اِس بات کی تفصیل نہیں بتائی آیا دونوں کس معاملے پر گفتگو کریں گے۔