ہیری پوٹر ناول کی برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ نے مسلمانوں کے بارے میں امریکی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے متنازعہ بیان کے تناظر میں منگل کو ایک طاقتور ٹویٹ کی ہے۔
سات جلدوں پر مشتعمل تصوراتی ناول ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے رولنگ نے اپنی ٹویٹ میں ڈونالڈ ٹرمپ کا موازنہ اپنے ناول کے سپر ویلن، لارڈ وولڈمورٹ کے ساتھ کیا ہے ۔
اس ٹویٹ میں انھوں نے ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر انھیں اپنے ناول میں ہیری پوٹر کے دشمن لارڈ وولڈمورٹ سے کہیں زیادہ برا بتایا ہے۔
ہیری پوٹر ناول کی مرکزی کہانی شیطانی جادوگر لارڈ وولڈ مورٹ کے خلاف ہیری پوٹر کی جدوجہد ہے، جس میں لارڈ وولڈی مورٹ نے جادو کی دنیا میں فتح حاصل کرنے کے لیے اپنی ساری زندگی ناول کے ہیرو ہیری پوٹر کو قتل کرنے کی کوشش میں گزاری تھی۔
مصنفہ جے کے رولنگ نے منگل کو اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ 'ہاؤ ہوریبل ۔وولڈی مارٹ بھی اتنا برا نہیں تھا'
یہ موازنہ اس وقت شروع کیا گیا جب رپبلکن جماعت کے سیاستدان ڈونالڈ ٹرمپ جو آئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں پیر کی شام ایک تقریر میں کہا کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہونی چاہیئے'۔
مسلمانوں کےخلاف دئیے جانے والے ان کے تازہ ترین بیانات پر مسلم دنیا سمیت امریکی سیاسی حلقوں میں بھی ناپسند کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونالڈ ٹرمپ کے مخالفین کی جانب سے انھیں نسل پرستانہ بیانات دینے پر آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے،خاص طور پر جے کے رولنگ کے خیال کو ٹوئٹر پر بے حد سراہا گیا ہے۔
اس کے بعد، صارفین کی جانب سے ٹوئٹر پر ڈونالڈ ٹرمپ بمقابلہ فکشن ناول کے بدنام زمانہ ویلن وولڈی مورٹ پر دلچسپ ٹویٹس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ٹوئٹر کے ایک صارف جسٹن ڈینیس نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ہیری پوٹر کے دشمن وولڈ مارٹ کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ، 'ہاہاہا۔ یہ بالکل ایسا ہےجیسے کہا جائے کہ تمھاری ہمت کیسی ہوئی کہ دونالڈ ٹرمپ کا مقابلہ وولڈمورٹ سے کرو'۔
جیک تھامپسن نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر جے کے رولنگ کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ، 'صرف ایک مکمل جملے میں آپ نے ساری قوم کے احساسات کی ترجمانی کر دی ہے'
رےیان پیری نے مصنفہ جے کے رولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ' مہربانی کرکےآپ اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر اپنا نام ٹوئٹر کوئین رکھ لیجئے'۔
ایک ٹوئٹر کے صارف کی طرف سے تو جے کے رولنگ کی تعریف میں یہ تک کہا گیا ہے کہ تم اس دنیا کی سب سے نیک دل عورت ہو۔
ول ہیکنی بھی جے کے رولنگ کی ہم خیال ہیں جنھوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'آج کی اگر بات کی جائے تو صدر وولڈ مورٹ کہنا زیادہ اچھا لگتا ہے بجائے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کہنے سے'
لنڈس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے تناظر میں ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'میرا خیال ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ وولڈ مورٹ ہے اور اگر میڈیا نے اسے پبلسٹی دینا بند کردی تو ہیری پوٹر (معاشرہ) اسے ایک دن تباہ کردے گا اور امریکہ دوبارہ سے عظیم ملک بن جائے گا۔
ڈونالڈ ٹرمپ اپنی صدارتی مہم کے دوران امریکی ووٹروں کو تارکین وطن کے مسئلے کے حوالے سے بھی اکسا تے رہے ہیں خاص طور پر لاطینی امریکی تارکین وطن کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں۔
ہیری پوٹر فلم سیریز میں لارڈ وولڈ مورٹ کے کردار میں جاندار اداکاری کرنے والے برطانوی اداکار جان کمپلنگ نے اس جے کے رولنگ کی ٹویٹ کے جواب میں ایک ٹویٹ کی ہے۔
'مجھے فخر تھا کہ میں نے انتہائی برے انسان کے روپ میں وولڈ مورٹ کے کردار کو امر کردیا ہے لیکن لیکن ٹرمپ نے برائی کی ایک نئی حدوں کو چھوا ہے۔
ہالی وڈ کی مقبول اداکارہ اور فلم ہنگر گیم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ جینیفر لارنس سے جب ایک شو بز میڈیا ای ٹی نے ڈونالڈ ٹرمپ کے بارے میں ان کی رائے معلوم کی تو انھوں نے کہا کہ، 'اگر ڈونالڈ ٹرمپ امریکی صدر بن جاتے ہیں تو وہ دنیا کا آخری دن ہوگا'۔