ہنٹسمن روس میں امریکہ کے سفیر نامزد

ہنٹسمن طویل عرصے تک سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، اور ڈیموکریٹک اور ری پبلیکن صدور کے ادوار میں دو بار سفیر رہ چکے ہیں۔ براک اوباما کی انتظامیہ میں وہ چین میں سفیر رہے، جب کہ جارج ڈبلیو بش کے عہدہٴ صدارت کے دوران وہ سنگاپور میں سفیر تھے

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یوٹا کے سابق گورنر، جون ہنٹسمن کو روس میں امریکہ کا سفیر مقرر کیا ہے، جس عہدے پر تعیناتی پر کڑی جانچ متوقع ہے، ایسے میں جب روس کے ساتھ ٹرمپ کے مبینہ رابطوں پر پہلے ہی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔


ذرائع ابلاغ کی اطلاعات سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ وہ یہ عہدہ قبول کرنے پر تیار ہیں، حالانکہ اس ضمن میں اب تک اُنھوں نے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔


ہنٹسمن طویل عرصے تک سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، اور ڈیموکریٹک اور ری پبلیکن صدور کے ادوار میں دو بار سفیر رہ چکے ہیں۔ براک اوباما کی انتظامیہ میں وہ چین میں سفیر رہے، جب کہ جارج ڈبلیو بش کے عہدہٴ صدارت کے دوران وہ سنگاپور میں سفیر تھے۔


ہنٹسمن پہلی بار 2004ء میں یوٹا کے گورنر منتخب ہوئے، جب کہ دوسری بار 2008 ء دوبارہ گورنر منتخب ہوئے۔ اُنھوں نے ڈیموکریٹ مدِمقابل امیدوار، بوب اسپرنگمائر کو واضح شکست دی جب اُنھوں نے 77 فی صد ووٹ حاصل کیے۔


دوسری بار گورنر بننے کے ایک ہی برس بعد، وہ مستعفی ہو کر چین میں امریکہ کے سفیر تعینات ہوئے۔