تیونس کی ایک عدالت نے برطرف کیے گئے صدر زین العابدین بن علی کی سیاسی جماعت کو تحلیل کرنے کا حکم دیاہے۔
بدھ کے روز ہونے والے عدالتی فیصلے میں آرسی ڈی پارٹی کے اثاثے اور فنڈز بھی ختم کرنے کا حکم دیا گیاہے۔ جمہوریت نواز کارکنوں نے 14 جنوری کو سابق صدر کی اقتدار سے علیحدگی کے بعد سے ان کی سیاسی جماعت تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزارت داخلہ نے جنوری میں پارٹی کی سرکاری سرگرمیاں معطل کردیں تھیں۔ وزارت نے کہا تھا کہ آرسی ڈی نے ، جو ایک کروڑ 20 لاکھ آبادی کے ملک میں 20 لاکھ ارکان کی دعوے دار ہے، ملک میں یک جماعتی آمریت قائم کردی تھی۔
پیر کے روز تیونس کی عبوری انتظامیہ کے حکام نے سابق صدر کی جانب سے پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کے واقعات کی تحقیقات کا اعلان کیا۔ جمہوریت نواز کارکنوں کا کہناہے کہ سابق صدر کے یہ اقدامات انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے دائرے میں آتے ہیں۔
تیونس میں مسٹر زین العابدین بن علی کی اقتدار سے علیحدگی کے بعد سے مظاہرین نے آئینی اصلاحات، انتخابات اور عبوری حکومت کو سابقہ حکومت کی باقیات سے پاک کرنے کے لیے اپنا دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔