ترکی: اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے کارکنوں کی تدفین

ترکی میں جمعرات کے روز غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے بحری جہاز پر اسرائیلی کمانڈوز کے حملے میں ہلاک ہونے والے کارکنوں کی تدفین میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

پیر کے روز امدادی بحری جہازوں کے قافلے پر، جس کی قیادت ترکی کا ایک جہاز کررہاتھا، اسرائیلی حملے میں آٹھ ترک اور ایک ترک نژاد امریکی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک شخص کو قریب سے گولی مارکرہلاک کیا گیاتھا۔

جمعرات کی صبح فلسطینیوں کے حامی ان سینکڑوں سرگرم کارکنوں کا، جنہیں اس حملے کے دوران حراست میں لے لیا گیاتھا، اسرائیل سے بے دخلی کے بعد ترکی پہنچنے پر ہیروز کی طرح استقبال کیا گیا۔

چھ بحری جہازوں پر مشتمل بین الاقوامی قافلہ غزہ کی پٹی میں، جس کی اسرائیل نے تین سال سے ناکہ بندی کررکھی ہے،10 ہزار ٹن امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کررہاتھا۔

اسرائیل کہہ چکاہے کہ اس کے کمانڈوز نے خود پر حملہ کیے جانے کے بعد فائر کھولا۔ بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہونے اس ہلاکت خیز کارروائی پر تنقید کومنافقت قرار دیا اور سرگرم کارکنوں پر انتہاپسند ہونے کاالزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی اور نفرت کا ساتھ دے رہےتھے۔