ترکی کے جنگی طیاروں نے عراق کے شمالی علاقے میں کرد جنگجووں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جن میں کم از کم 67 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترک فضائیہ نے ہفتے کو جاری اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حملے بدھ کو کیے گئے جن میں 14 ایف-16 اور ایف-4 طیاروں نے حصہ لیا۔
بیان کے مطابق ترک طیاروں نے شمالی عراق کے پانچ علاقوں میں واقع کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے تربیتی کیمپوں، اسلحے کے گوداموں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی طیاروں نے شمالی عراق کے جن علاقوں میں اہداف پر بمباری کی ان میں قندیل، متینہ، اواسین، حفتانین اور بسیان شامل تھے۔
ترکی کی جنگی طیارے گزشتہ سال جولائی سے شمالی عراق میں واقع 'پی کے کے' کے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جسے ترکی، امریکہ اور یورپ دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہیں۔
کرد باغی تنظیم 1984ء سے ترکی کے کرد اکثریتی علاقوں کی آزادی اور الگ ریاست کے قیام کے لیے مسلح جدوجہد کر رہی ہے جن میں اب تک 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔