ترکی میں محصور 200 سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

استنبول کا اتاترک ہوائی اڈہ (فائل فوٹو)

ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کی وجہ سے 300 سے زائد پاکستانی مسافر استنبول کے ہوائی ہوائی اڈے پر پھنس گئے تھے

ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کی وجہ سے استنبول کے ائیر پورٹ پر پھنس جانے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی لیے کوششیں جاری ہیں اور اتوار کو 200 سے زائد مسافر خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچے۔

ٹرکش ایئرلائنز کی دو خصوصی پروازیں ان مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی۔

دوسری طرف پاکستان کے سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ترکی میں موجود تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور ترکی کے استنبول ایئر پورٹ پربھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ استنبول ہوائی اڈے پر پھنسے پاکستانیون کو ملک واپس لانے کے لیے دو پراوزوں کا انتظا م کیا گیا ہے ان میں ایک پرواز کراچی اور دوسری اسلام آباد جائے گی۔

ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کی وجہ سے 300 سے زائد پاکستانی مسافر استنبول کے ہوائی ہوائی اڈے پر پھنس گئے تھے ان میں زیادہ تر مسافر وہ تھے جو امریکہ اور کینیڈا سے ترکی کی راستے پاکستان آرہے تھے۔

قبل ازیں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے وزرات خارجہ کو ان مسافروں کو ملک واپس لانے کے لیے خصوصی اقدام کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب ترکی کی فوج کے ایک دھڑے نے ملک کی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی تھی اور اس دوران 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔