ٹوئٹر نے آڈیو سپیسز کی مقبولیت کے لیے ’اسپارک‘ پروگرام لانچ کر دیا

ٹوئٹر اسپیسز پر آڈیو تخلیق کاروں کی مالی امداد کے بارے میں ٹوئٹر نے اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں اسپارک پروگرام کی مزید وضاحت کی ہے۔

ٹوئٹر اپنے اسپیسز لائیو آڈیو فیچر کو مزید لوگوں میں مقبول کرنے کے لیے ایک نیا پروگرام متعارف کر رہا ہے،جسے 'اسپارک' کا نام دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اسپیس ٹیب کی توسیع، ایپ میں براڈکاسٹ کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا اور تخلیقی آڈیو ٹیلنٹ کی مدد کرنا شامل ہے۔

ٹوئٹر اسپیسز پر آڈیو تخلیق کرنے والوں کی مالی معاونت کے لیے اس پروگرام کے بارے میں ٹوئٹر نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں مزید معلومات جاری کی ہیں۔

"ٹوئٹر اسپیسز اسپارک پروگرام تین ماہ کا ایکسلریٹر اقدام ہے جس کا مقصد ٹوئٹر پر معیاری گفتگو کی میزبانی کرنے والے صارفین کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف ان کو مالی انعام کے ذریعے حوصلہ افزائی کرنا ہے بلکہ یہ پروگرام اعلی تکنیکی اور مارکیٹنگ سپورٹ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔‘‘

SEE ALSO: پاکستانی ٹوئٹر سپیسز پر خواتین اتنی سرگرم کیوں ہیں؟

ٹوئٹر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایسے ابھرتے ہوئے تخلیق کاروں کے متلاشی ہیں جو براہ راست سماجی آڈیو فارمیٹ کے بارے میں پرجوش ہوں اور ٹوئٹر اسپیسز پر باقاعدہ طور پر معمول کی بنیادوں پر پروگرام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔

دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پہلے ہی اپنے تخلیق کاروں کے لیے اس طرز کے ایکسلریٹر پروگرامز (تیزی سے بڑھنے والے پروگرام) متعارف کروا چکے ہیں جن میں کلب ہاوس اور سنیپ چیٹ سر فہرست ہیں۔

تمام بڑے پلیٹ فارم اب تخلیق کاروں کے لیے مزید معاونت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ ان پروگراموں کے ذریعے تخلیق کاروں کو اپنے پلیٹ فارم پر رکھنے اور ان کی بہترین صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے پلٹ فارمز کو مزید مقبول بنایا جا سکے۔

ٹوئٹر کا اسپارک پروگرام منتخب شرکاء کو ماہانہ 2500 ڈالر دے گا، اس کے ساتھ اشتہاری کریڈٹ بھی دیا جائے گا۔ وہ اسپیس کے ڈیویلپمنٹ ٹیم کے ساتھ بھی رابطہ قائم کر سکیں گے اور نئی خصوصیات تک جلد رسائی حاصل کر سکیں گے۔ جب کہ ٹوئٹر اپنے برانڈ ہینڈلز کے ذریعے ان کی نشریات کی تشہیر بھی کرسکے گا اور ایسے منصوبے متعارف کرے گا جن سے ان کے اسپیس کو فروغ دیا جا سکے۔

Your browser doesn’t support HTML5

پاکستانی ٹوئٹر پر کتنے متحرک ہیں؟

دوسری جانب لائیو آڈیو فیچر کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے فیس بک بھی اپنے آڈیو براڈکاسٹ ٹولز کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔

ٹوئٹر اسپیسز اسپارک پروگرام کے فیز 1 میں حصہ لینے کا اہل ہونے کے لیے، صارف کا امریکہ میں رہائش پذیر ہونا اور 5000 سے زیادہ فالوورز کا حامل ہونا لازمی ہوگا۔ صارف کے لئے یہ بھی ضروری ہوگا کہ وہ ایک ہفتے میں ہفتہ کم از کم دو ٹویٹر اسپیس مکالموں کی میزبانی کرے۔

درخواست دینے کے لیے فارم 22 اکتوبر 2021 تک مکمل کرکے ٹوئٹر کو ارسال کرنا ہوگا۔ نومبر کے آغاز میں منتخب شدہ درخواست گزاروں کو انتخاب سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔