بھارت کی ریاست مدھیا پردیش کے شہر گوالیار کے قریبمشقوں کے دوران بھارتی فضائیہ کےدو لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق دونوں طیاروں نے ہفتے کی صبح گوالیار فضائی اڈے سے اڑان بھری تھی جس کے کچھ دیر بعد ہی وہ زمین پر آ گرے۔
تباہ ہونے والے طیاروں میں ایک روسی ساختہ سکھئی سو 30 تھا جس میں دو پائلٹ سوار تھے۔ دوسرا طیارہ فرانسیسی ساختہ میراج 2000 تھا جسے ایک پائلٹ اڑا رہا تھا۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق ''دونوں طیاروں کو حادثہ گوالیار کے قریب پیش آیا۔ طیارے معمول کی تربیتی پرواز پر تھے۔''
فضائیہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھئی سو 30 کے دونوں پائلٹس کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ مراج 2000 کا پائلٹ شدید زخموں کے بعد چل بسا ہے۔
رپورٹس کےمطابق طیاروں کا ملبہ ریاست راجستھان کے شہر بھرت پور اور مدھیا پردیش کے شہر مورینا سے ملا ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹو ڈے کے مطابق مورینا کے ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک طیارے میں دو پائلٹس تھے جنہوں نے خود کو باحفاظت طریقے سے ریسکیو کرلیا جب کہ تیسرے پائلٹ کے جسم کے ٹکڑے ملے ہیں۔
ریاستِ مدھیا پردیش کے وزیرِاعلیٰ شوراج سنگھ چوہان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ فضائیہ کے امدادی اور بحالی کے کاموں میں تعاون کرے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کو حادثات پیش آ چکے ہیں۔
گزشتہ برس اکتوبر میں ریاست اروناچل پردیش میں چین کے ساتھ متنازع سرحد کے قریب ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اسی ماہ اروناچل پردیش کے ہی علاقے تونگ میں چیتا ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوا تھا۔ اس واقعے میں پائلٹ ہلاک ہوا تھا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2021 میں بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 13 افراد روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے سے ہلاک ہوگئے تھے۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔