بھارت کے دارالحکومت دہلی کے قریب دو مختلف واقعات میں دو کم سن بچیوں کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کی بتایا گیا ہے کہ جو کہ بھارت میں لڑکیوں اور خواتین کے خلاف تشدد کے تازہ ترین واقعات ہیں۔
دہلی پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق مضافاتی علاقے میں ایک ڈھائی سالہ بچی کو اس کے گھر کے قریب اس وقت مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ وہاں کھیل رہی تھی۔
ان کے بقول خاندان والوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی جس دوران بچی لاپتا ہوگئی اور پھر تین گھنٹوں کے بعد انھیں یہ بچی گھر کے قریب ایک پارک سے بے ہوشی کی حالت میں ملی اور اس کے جسم سے خون رس رہا تھا۔
پولیس نے اس واقعے پر چند مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ مشرقی دہلی میں پیش آیا جہاں ایک پانچ سالہ بچی کو مبینہ طور پر اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے اس بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
دونوں بچیوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ان واقعات سے ایک ہفتہ قبل ہی ریلوے لائن کے قریب ایک چار سالہ بچی ملی تھی جسے جنسی زیادتی کے بعد بلیڈ سے زخمی کر کے پھینک دیا گیا تھا۔
بھارت میں حالیہ برسوں میں خواتین کے خلاف تشدد کے ایسے بے شمار واقعات رونما ہو چکے ہیں جن کی وجہ سے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
گو کہ حکومت نے قانون سازی کر کے ایسے جرائم کے خلاف سخت سزاؤں کو مزید سنگین کیا ہے لیکن اس کے باوجود جنسی تشدد کے واقعات آئے روز رونما ہوتے رہتے ہیں۔