نیٹو افواج نے کہا ہے کہ افغان فوج کی وردی میں ملبوس دو حملہ آوروں نے افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں بدھ کو ایک فوجی عمارت پر حملہ کیا۔
حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے بین الاقوامی اتحادی افواج کے دو ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔
نیٹو کے ایک بیان کے مطابق، اتحادی فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس سے دونوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
نیٹو اور افغان حکام کے مطابق اس حملے سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ حملہ آور افغان فوجی تھے یا صرف انہوں نے فوج کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔
نیٹو نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شہریت سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔
افغانستان میں امریکہ کی قیادت میں موجود اتحادی افواج پر ماضی میں متعدد ایسے حملے ہو چکے ہیں۔
ان حملوں کی کئی وجوہات بیان کی گئی ہیں جن میں طالبان کی افغان افواج میں دراندازی، ذاتی دشمنی اور اتحادی و افغان افواج کے درمیان تہذیب و تمدن سے متعلق فرق کی وجہ سے پیدا ہونے والی غلط فہمیاں شامل ہیں۔
نیٹو نے دسمبر میں اپنے لڑاکا فوجی مشن کے اختتام کا اعلان کیا تھا اور اب ایک معاہدے کے تحت لگ بھگ 12 ہزار نیٹو فوجی افغانستان میں موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر افغان فورسز کی تربیت اور معاونت میں مصروف ہیں۔