امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بدھ کو بریفنگ میں بلوچستان میں پی ٹی آئی کی ریلی پر بم کےحملے کے نتیجےمیں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا،“ ہم پاکستان میں پی ٹی آئی پارٹی کی ریلی پر حملے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم پاکستانی عوام کے بلند حوصلوں اور مشکلات سے بحالی کی اہلیت پر یقین رکھتے ہیں۔ “
گزشتہ روز بلوچستان کے شہر سبی میں، پولیس حکام کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کی موٹر سائیکل ریلی میں بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
میتھیو ملر نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان میں مختلف پارٹیوں کے خلاف ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
’’ یہ ان حملوں میں سے ایک ہے جو ہم نے پچھلے مہینے پاکستان بھر میں متعدد جماعتوں کے خلاف ہوتے ہوئے دیکھے ہیں۔ الیکشن کمیشن خود کئی مقامات پر ان حملوں کی زد میں آیا ہے۔ ہم انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔"
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اتنقام یا تشدد کے خطرے کو ذہن میں لائے بغیر اپنے لیڈر کا انتخاب کریں۔
SEE ALSO: پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم کو سزا سنائے جانا ایک قانونی معاملہ ہے، امریکی محکمہ خارجہترجمان نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا
’’ہم پورے خطے میں دہشت گرد گروپوں کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘
باجوڑ میں انتخابی اُمیدوار کے قتل کے بعد کشیدہ صورتحال
انتخابی تشدد کا تازہ وقعہ باجوڑ میں ہوا ہے جہان وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق بدھ کی دوپہر نامعلوم افراد نے انتخابی مہم کے دوران اُمیدوار ریحان زیب خان پر فائرنگ کر دی جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ریحان زیب خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 08 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 22 سے آزاد اُمیدوار تھے۔ اُمیدوار کے قتل کے بعد الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے ایک بیان میں ریحان زیب کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین سیکیورٹی چیک پوسٹ پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔
SEE ALSO: باجوڑ میں انتخابی اُمیدوار کے قتل کے بعد حالات کشیدہ، الیکشن کمیشن کا اجلاس طلبالیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق این اے 8 باجوڑ میں ایک امیدوار کے قتل پر چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ صدیق آباد پھاٹک کے قریب واقع پیش آیا اور بظاہر یہ 'ٹارگٹ کلنگ' لگتی ہے۔