متحدہ عرب امارات میں ساڑھے چار دن کا 'ورک ویک': جمعہ ہاف ڈے، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی

فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ساڑھے چار دن کام کے ماڈل کو اپناتے ہوئے ہفتہ وار چھٹی میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔

نئے ماڈل کے تحت اب جمعے اور ہفتے کے بجائے ہفتہ اور اتوار سرکاری چھٹی ہوا کرے گی جب کہ جمعے کو ہاف ڈے ہو گا۔

یو اے ای کی حکومت کے مطابق اس تبدیلی کا اطلاق یکم جنوری 2022 سے ہو گا اور یہ تمام وفاقی حکومت کے اداروں پر لاگو ہو گی۔

اس کے علاوہ اطلاعات کے مطابق اسکولوں اور جامعات پر بھی اس نئی تبدیلی کا اطلاق ہو گا البتہ نجی شعبے کو یہ نہیں کہا گیا ہے کہ وہ اس پر ماڈل کو اپنائے تاہم کچھ نجی اداروں نے بھی نئے سرکاری ویک اینڈ پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دبئی اور ابوظہبی کی حکومتوں نے بھی اس نئی ویک اینڈ پالیسی کو اپنانے کا اعلان کیا ہے۔

نئے ماڈل کے مطابق پیر سے جمعرات تک کام کے اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ساڑھے تین بجے تک ہوں گے۔ جب کہ جمعے کو کام کے اوقات صبح سات بجے سے دن 12 بجے تک ہوں گے۔

البتہ جمعے کو پورے یو اے ای میں سوا ایک بجے سے نمازِ جمعہ اور خطبات کا آغاز ہو گا۔

امارات حکومت کی اعلان کردہ اس تبدیلیوں میں سرکاری ملازمین کو یہ رعایت دی گئی ہے کہ وہ جمعے کو گھر سے کام کر سکتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ موزوں وقت کے حساب سے بھی اپنے کام کے اوقات کو ترتیب دے سکتے ہیں۔

یو اے ای کے سرکاری خبر رساں ادارے 'ڈبلیو اے ایم' کا دعویٰ ہے کہ متحدہ عرب امارات دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں دنیا کے پانچ روز کے ہفتے کے مقابلے میں سرکاری سطح پر ساڑھے چار دن کے ہفتے کو متعارف کروایا گیا ہے۔

خلیجی ملک کی جانب سے ویک اینڈ میں توسیع زندگی میں توازن بڑھانے، کارکردگی میں بہتری اور یو اے ای کی معاشی مسابقت کو آگے بڑھانے کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر انسانی وسائل اور امارات ڈاکٹر عبدالرحمٰن الاور نے کہا ہے کہ کام کرنے کا نیا نظام لیبر مارکیٹ کی ترقی میں مدد دے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برسوں میں بھی یو اے ای کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں اور ٹیلنٹ کے لیے اپنی معیشت مزید پُرکشش بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے تھے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق یو اے ای کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی ہفتہ اور اتوار کو ویک اینڈ کے طور پر گزارنے والے ممالک کے ساتھ ہموار مالی، تجاری اور معاشی لین دین کو یقینی بنائی گئی اور یو اے ای میں مقیم اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے مضبوط بین الاقوامی روابط اور مواقع مہیا کرے گی۔

واضح رہے کہ اکثر خلیجی ممالک میں جمعے کو چھٹی ہوتی ہے جب کہ کچھ دیگر مسلم ممالک بھی جمعے کا دن سرکاری چھٹی کے طور پر مختص ہوتا ہے۔

کیا یو اے ای میں پہلی مرتبہ ویک اینڈ میں تبدیلی کی گئی ہے؟

دنیا کے اکثر ممالک بالخصوص مغربی ممالک میں ویک اینڈ ہفتہ اور اتوار کو ہی ہوتے ہیں لیکن کچھ ممالک میں جمعہ اور ہفتہ اور کہیں صرف اتوار کی چھٹی بھی ہوتی ہے۔

یو اے ای کی جانب سے اس سے قبل بھی ویک اینڈ میں تبدیلی کی جا چکی ہے۔

عرب اخبار 'خلیج ٹائمز' کے مطابق یو اے ای نے اپنے قیام کے بعد سے تین مرتبہ اپنے ویک اینڈز کو تبدیل کیا ہے۔

سال 1971 سے 1999 تک یو اے ای میں جمعے کو سرکاری چھٹی ہوا کرتی تھی۔ بعد ازاں اس پالیسی میں تبدیلی کی گئی اور 1999 سے لے کر 2006 تک یو اے ای میں جمعرات کو بھی ویک اینڈ میں شامل کیا گیا اور یوں ہفتے میں دو روز یعنی جمعرات اور جمعے چھٹی ہونے لگی۔

سن 2006 میں ایک مرتبہ پھر ویک اینڈ پالیسی میں تبدیلی کی گئی اور جمعے اور ہفتے کو ویک اینڈ کردیا گیا۔ جو اب تک جاری تھا۔

اب سال 2022 کے آغاز سے جمعہ ہاف ڈے اور ہفتہ اور اتوار ویک اینڈ کے طور پر منایا جائے گا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہے۔