امدادی سرگرمیوں کے لیے اربوں ڈالر کی ضرورت ہے: اقوام متحدہ

فائل فوٹو

اقوام متحدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ درکار فنڈز میں دو ارب ڈالر کے اضافے کے ساتھ اب یہ رقم 21 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ایک ریکارڈ تعداد میں ان افراد کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضروررت ہے جو قدرتی آفات اور تنازعات کا شکار ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ نے متنبہ کیا کہ ان بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ملنے والی امداد، درکار فنڈ سے بہت ہی کم ہے۔

اقوم متحدہ کے انسانی ہمدردی کے تحت امور کے رابطہ کار کے دفتر 'او سی ایچ اے' کی طرف سے 2016 کے وسط میں جاری ہونے والے جائزے کے مطابق یہ صورت حال بہت تشویشناک ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ان افراد کی تعداد 13 کروڑ ہو گئی ہے جن کو امداد کی ضرورت ہے ۔

اقوام متحدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ درکار فنڈز میں دو ارب ڈالر کے اضافے کے ساتھ اب درکار رقم 21 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ یہ رقم دنیا میں مشکلات کا شکار لوگوں میں سے نو کروڑ 50 لاکھ افراد کی اعانت کرنے کے لیے درکار ہو گی۔ تاہم اب تک درکار رقم کے لیے صرف پانچ ارب 50 کروڑ ڈالر ہی جمع ہو سکے ہیں۔

او سی ایچ او کے ترجمان جینس لارک نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ انسانی بنیادوں پراعانت کا 80 فیصد تنازعات کا شکار افراد کی مدد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی جس کی پہلے سےکوئی نظیر نہیں ملتی ہے، کی وجہ سے انسانی ہمدردی کی تنظمیوں اور امدادی اداروں کو بھی دباؤ کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی طرف سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چھ کروڑ پچاس لاکھ افراد تارکین وطن ہیں یا وہ لوگ ہیں جو اندرونی طور پر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔