سلامتی کونسل: شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کی قرارداد موخر

فائل

روس کی جانب سے قرارداد کے مسودے پر مزید غور کے لیے وقت طلب کرنے کے باعث رائے شماری اس سے قبل بھی موخر کی جاچکی ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے سے متعلق قرارداد پر رائے شماری بدھ تک موخر کردی ہے۔

امریکہ کی جانب سے 15 رکنی کونسل کے سامنے پیش کی جانےوالی قرارداد پر منگل کی سہ پہر ووٹنگ متوقع تھی لیکن عین وقت پر روس کی جانب سے قرارداد پر "مزید غور" کے لیے اسے 24 گھنٹے تک موخر کرنے کی درخواست کے باعث رائے شماری ملتوی کردی گئی۔

جمعرات کی شب پیش کی جانے والی قرارداد میں شمالی کوریا کی جانب سے حال ہی میں کیے جانے والے جوہری تجربے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربے کی پاداش میں نئی پابندیوں کی سفارش کی گئی ہے۔

قرارداد میں شمالی کوریا کو ہر قسم کے اسلحے کی فراہمی پر مکمل پابندی، زمین، سمندر اور فضائی راستوں سے شمالی کوریا جانے اور وہاں سے آنے والے تمام ساز و سامان کی مکمل تلاشی اور شمالی کوریا کو ایسی تمام اشیا کی درآمد روکنے کی سفارشات شامل ہیں جنہیں فوجی مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہو۔

روس کی جانب سے قرارداد کے مسودے پر مزید غور کے لیے وقت طلب کرنے کے باعث رائے شماری اس سے قبل بھی موخر کی جاچکی ہے۔

اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر سمانتھا پاور نے کہا ہے کہ مجوزہ پابندیاں سلامتی کونسل کی جانب سے کسی ملک پر گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عائد کی جانےو الی پابندیوں میں سب سے زیادہ سخت ہیں اور ان کے نتیجے میں شمالی کوریا کو عالمی برادری کی جانب سے سخت پیغام جائے گا۔

مذکورہ قرارداد جمع کرانے سے قبل امریکی سفارت کاروں نے کئی ہفتوں تک چین کے ساتھ مشاورت کی تھی جو شمالی کوریا کا سب سے بڑا تجارتی شریک ہے۔

چین نے بھی شمالی کوریا کی جانب سے جنوری میں کیے جانے والے جوہری تجربے اور سات فروری کے بیلسٹک میزائل تجربے پر برہمی ظاہر کی تھی لیکن بیجنگ حکومت پیانگ یانگ کے خلاف سخت قدغنیں عائد کرنے کے معاملے پر ہمیشہ تذبذب کا شکار رہی ہے۔

چین کو خدشہ ہے کہ عالمی پابندیاں مزید سخت کرنے کے نتیجے میں شمالی کوریا غیر مستحکم ہوسکتا ہے جس کا لازمی اثر چین پر بھی پڑے گا۔

امریکی قرارداد میں شمالی کوریا کو جہازوں اور راکٹوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کے ساتھ ساتھ کوئلہ، لوہا، سونا، ٹائٹینیم اور دیگر قیمتی دھاتیں برآمد کرنے پر بھی پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔

قرارداد میں شمالی کوریا کے 17 شہریوں اور 12 اداروں کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے جن پر پیانگ یانگ حکومت کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام سے تعلق کا شبہ ہے۔