|
ویب ڈیسک _ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بھارت کی میزبانی اور ٹیموں کی شرکت سے متعلق تنازع کو حل کرتے ہوئے فارمولے کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان سمیت ایک نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔ یعنی بھارت کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گی۔
آئی سی سی کے فارمولے کے مطابق 2027 تک آئی سی سی کے وہ تمام ایونٹس جن کی میزبانی بھارت کو کرنی ہے، اُن میں پاکستان اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔
اسی طرح بھارت کی میزبانی میں ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے میچز پاکستان نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔ آئی سی سی کے اس فیصلے کا اطلاق بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں 2026 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر بھی ہو گا۔
بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پاکستان نے ابتداً چیمپئنز ٹرافی کے لیے 'ہائبرڈ ماڈل' کی تجویز رد کر دی تھی۔ تاہم اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کہتے رہے تھے کہ جو فیصلہ ہو گا وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے ہو گا۔
بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان تاحال نہیں ہو سکا ہے۔
آئی سی سی نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
SEE ALSO: چیمپئنز ٹرافی: 'بھارت اور پاکستان کو سیاسی سطح پر روابط بڑھانا ہوں گے'پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے اور وہ فروری اور مارچ 2025 میں ایونٹ کی میزبانی بھی کرے گا۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں پاکستان سمیت بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کی میزبانی کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریاں کر رہا ہے۔