دھاندلی کا الزام بین الاقوامی برادری پر دھرنا پریشان کن ہے: امریکہ

اوباما انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی کا یہ الزام کہ بین الاقوامی برادری گذشتہ سال کے صدارتی انتخاب میں ہونے والی دھاندلی کی ذمہ دار تھی، پریشان کن بات ہے۔

وائیٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گِبز نے جمعے کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ امریکہ صدر کرزئی سے اِس بیان کے متعلق وضاحت مانگ رہا ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی نے جمعرات کے روز کابل میں انتخابی کمیشن کے ایک اجلاس میں کہا تھا کہ 20 اگست 2009ء کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلی کا الزام غیر ملکیوں کے سرجاتا ہے۔

افغان صدر نے اس سلسلے میں یورپی یونین انتخابی مبصر مشن کے سربراہ فلپ مرولن اور اقوامِ متحدہ کے سابق ڈپٹی چیف پیٹر گالبرائتھ کا نام لیا۔ گالبرائتھ کو دھاندلی کے الزامات کے بعد اپنے باس کے ساتھ اختلافات کی بنا پر نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔