چھ امریکی کمپنیوں کو کیوبا کے لیے پروازیں شروع کرنے کی اجازت

فائل

لائسنس یافتہ ایئر لائن کمپنیاں کیوبا کے نو مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلانے کی مجاز ہوں گی تاہم ان شہروں میں دارالحکومت ہوانا شامل نہیں ہے۔

امریکہ کی حکومت نےچھ کمپنیوں کو کیوبا کے مختلف شہروں کے لیے کمرشل پروازیں شروع کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

امریکہ کے محکمۂ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک اعلامیے کے مطابق جن کمپنیوں کو پروازیں شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں امریکن ایئر لائنز، فرنٹیئر ایئر لائنز، جیٹ بلو، سلور ایئرویز، ساؤتھ ویسٹ اور سن کاؤنٹی ایئر لائنز شامل ہیں۔

لائسنس یافتہ ایئر لائن کمپنیاں کیوبا کے نو مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلانے کی مجاز ہوں گی تاہم ان شہروں میں دارالحکومت ہوانا شامل نہیں ہے۔

محکمۂ ٹرانسپورٹ کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ہوانا کے لیے پروازوں کے لائسنس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کیوں کہ کئی ایئر لائن کمپنیوں نے اس روٹ پر پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

جمعے کو جو لائسنس جاری کیے گئے ہیں ان میں امریکہ کے شہروں میامی، فورٹ لاڈرڈیل، شکاگو، فلاڈیلفیا اور منیا پولس سے کیوبا کے شہروں سانتا کلارا، سان تیاگو ڈی کیوبا اور دیگر کے لیے پروازیں چلانے کے اجازت نامے شامل ہیں۔

لائسنس یافتہ فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کے لیے کیوبا کی حکومت کی اجازت بھی درکار ہوگی لیکن ایئر لائن آپریٹرز کو یقین ہے کہ انہیں یہ اجازت جلد ہی مل جائے گی اور وہ رواں سال خزاں میں ہی کیوبا کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کردیں گے۔

امریکی قانون میں اب بھی امریکی شہریوں کو سیاحت کی غرض سے کیوبا جانے کی اجازت نہیں۔ البتہ امریکی صدر براک اوباما نے کئی دیگر مقاصد کے لیے امریکی شہریوں کو کیوبا کے سفر کی اجازت دیدی ہے جن میں اہلِ خانہ سے ملاقات، کاروبار، صحافتی اور تعلیمی مقاصد کے لیے سفر شامل ہے۔

امریکہ اور کیوبا کے درمیان چھ دہائیوں سے جاری کشیدگی کے بعد ڈیڑھ سال قبل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا عمل شروع ہوا تھا جس کے تحت دونوں حکومتوں نے ہوانا اور واشنگٹن میں اپنے اپنے سفار ت خانے قائم کر دیے ہیں۔

سفارتی تعلقات کی بحالی کے باوجود امریکہ کی جانب سے کیوبا پر عائد تجارتی پابندیاں بدستور موثر ہیں لیکن صدر اوباما نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

ان اقدامات کے باعث بعض امریکی کمپنیوں نے کیوبا میں اپنے کاروبار کا آغاز کردیا ہے جب کہ امریکہ سے کروز شپس نے بھی کیوبا آنا جانا شروع کیا ہے۔