امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولائنا میں حملے کا نشانہ بننے والے چرچ کو دوبارہ کھولنے کی تیاریاں مکمل ہو گئیں ہیں اور اتوار کو یہاں دعائیہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔
چارلسٹن میں واقع اس تاریخی چرچ میں بدھ کو ایک سفید فام شخص نے فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ مشتبہ حملہ آور ڈیلن روف کو جمعرات کو ہی پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
اتوار کو شہر بھر میں ایسی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں اس حملے میں مرنے والوں کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
مقامی لوگوں نے شہر سے اس کے نواح تک انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کا بھی پروگرام ترتیب دے رکھا ہے۔
قبل ازیں ہفتہ کو چارلسٹن، جنوبی کیرولائنا اور امریکہ کے مختلف علاقوں میں چرچ حملے میں متاثر ہونے والوں کی یاد ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماعات منعقد کیے۔
چارلسٹن کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے سیاہ ماتمی لباس پہن کر مارچ کیا۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں نے خصوصی دعا کروائی اور لوگوں کو حوصلہ مند رہنے پر زور دیا۔
نیویارک اور دیگر شہروں میں بھی ایسے ہی اجتماعات دیکھنے میں آئے۔