امریکہ: کوسووو کے ایک شہری پر داعش کیلئے ہیکنگ کا الزام

امریکہ کے محکمہ انصاف کے مطابق اس نے امریکہ میں قائم ایک کمپنی کے کمپیوٹر نظام میں گھس کر 1,351 امریکی فوجی اہلکاروں اور وفاقی ملازمین کی ذاتی معلومات چوری کر لیں اور ان معلومات کو دہشت گردوں کے حوالے کر دیا۔

امریکہ کے محکمہ انصاف کے مطابق اپنی نوعیت کے پہلے ایسے مقدمے میں امریکہ نے کوسووو کے ایک شہری پر کمپیوٹر ہیک کرنے اور امریکی فوج کے 1,300 سے زائد اہلکاروں کی معلومات داعش کو فراہم کرنے کی فرد جرم عائد کی ہے۔

حکام نے امریکی وارنٹ پر اردت فریضی کو ملائیشیا میں گرفتار کیا۔ محکمہ انصاف اسے امریکہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرے گا۔

وکلائے استغاثہ نے کہا کہ فریضی "Th3Dir3ctorY" کی عرفیت استعمال کرتا تھا اور کوسووو ہیکرز سکیورٹی نامی ایک انٹرنیٹ ہیکنگ گروپ چلاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس نے امریکہ میں قائم ایک کمپنی کے کمپیوٹر نظام میں گھس کر 1,351 امریکی فوجی اہلکاروں اور وفاقی ملازمین کی ذاتی معلومات چوری کر لیں اور ان معلومات کو دہشت گردوں کے حوالے کر دیا۔

اگست میں جنید حسین نامی داعش کے ایک رکن نے ایک ٹوئیٹر پیغام شائع کیا جس میں ایک طویل دستاویز کا لنک دیا گیا تھا۔ اس دستاویز میں کہا گیا تھا کہ ’’ہم آپ کی ای میلز اور کمپیوٹر سسٹمز میں موجود ہیں اور آپ کی ہر حرکت کو دیکھ اور ریکارڈ کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس آپ کے نام اور پتے موجود ہیں۔ ہم خفیہ معلومات حاصل کر رہے ہیں اور آپ کے فوجیوں کی ذاتی معلومات کو خلافت کے حوالے کر رہے ہیں جو جلد ہی اللہ کی مرضی سے آپ کے اپنے ملکوں میں آپ کی گردنوں پر وار کرے گی۔‘‘

باقی دستاویز میں فوج کے اور وفاقی سویلین اہلکاروں کے نام، پتے اور ٹیلی فون نمبر درج تھے۔ معلومات کی چوری سے کسی امریکی شہری کو براہ راست نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاعات نہیں۔

اگر جرم ثابت ہو جائے تو فریضی کو 35 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔