مشتبہ امریکی دہشت گردوں پر فرد جرم عائد

پاکستان میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار پانچ امریکی شہریوں پر سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے باقاعدہ فردجرم عائد کردی ہے۔

ایک وکیل صفائی شاہد کمال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ملزمان نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا اور عدالت کو بتایا کہ وہ بے گناہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مقدمے کی آئندہ سماعت 31مارچ کو ہوگی جس میں عدالت نے استغاثہ کو اپنے گواہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

زیر حراست پانچوں امریکی شہریوں کا تعلق ریاست ورجینیا سے ہے جن میں دو پاکستانی، ایک مصری،ایک ایریٹیرین اور ایک یمنی نژاد ہے۔ پاکستانی پولیس نے ان افراد کو گذشتہ دسمبر میں سرگودھا کے ایک گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیاتھا۔ پولیس کا مئوقف ہے کہ ان امریکی شہریوں کے قبضے سے ملنے والے کمپیوٹرز اور دیگر موادسے حاصل ہونے والی معلومات سے یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ یہ لوگ پاکستان اور ہمسایہ ملک افغانستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

لیکن زیرحراست ان مشتبہ دہشت گردوں کا شروع دن سے یہ مئوقف رہا ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائیوں کی طبی اور مالی امداد کی غرض سے پاکستان آئے تھے اور ان کا انتہا پسند تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔