بین المذاہب تعاون اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے معروف مذہبی رہنماؤں نے کراچی میں مختلف عبادت گاہوں کا دورہ کیا اور ملک سے انتہا پسندی کے خاتمے اور رواداری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان مذہبی رہنماؤں کی درخواست پر امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے بھی دورے میں شرکت کی۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’آج ہم نے ایک مسجد، کیتھولک گرجا گھر، سکھ گردوارے اور ایک مزار کا دورہ کیا۔ ان تمام مقامات کو دیکھ کر مجھے پھر یہ احساس ہوا کہ کراچی ایک کثیر المذاہب اور کثیرالثقافت شہر ہے اور یہاں کے تاریخی مذہبی مقامات کا تحفظ نہایت اہم ہے۔‘‘
قومی کونسل برائے مذہبی ہم آہنگی پاکستان کی سندھ کی چیئرپرسن منگلا شرما نے کہا ’’مذہبی رہنماؤں کے ساتھ عبادت گاہوں کا دورہ انتہائی حوصلہ افزا تجربہ تھا، مجھے امید ہے کہ یہ کراچی اور ملک میں بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں سے ایک ثابت ہوگا۔‘‘
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور مذہبی رہنماؤں نے کلفٹن کی جامعہ اسلامیہ، عبداللہ شاہ غازی کے مزار، سوامی نارائن مندر، گرو نانک کے گردوارے اور سینٹ پیٹرک چرچ کا دورہ کیا۔
دورے کے بعد تمام رہنماؤں نے اکٹھے ظہرانہ کیا اور مذہبی رواداری کی ترویج پر تبادلہ خیال کیا۔