سکیورٹی خدشات: ترکی میں امریکی قونصلر خدمات محدود

فائل

سفارت خانے کی ایک ترجمان نے سکیورٹی خدشات کی نوعیت بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال منگل تک برقرار رہے گی۔

ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی قونصلر خدمات دو روز کے لیے محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انقرہ میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ اس کی ویزہ سروس اور عوامی خدمات کے شعبے پیر اور منگل کو بند رہیں گے.

بیان کے مطابق سفارت خانے کی سرگرمیاں سیکورٹی کی صورت حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بحال کی جائیں گی۔

سفارت خانے کی ایک ترجمان نے سکیورٹی خدشات کی نوعیت بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال منگل تک برقرار رہے گی۔

گزشتہ ہفتے استبول میں واقع امریکی قونصل خانے نے مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے ممکنہ حملے کی اطلاعات کے بعد اپنی سروسز ایک روز کے لیے معطل کردی تھیں۔

قونصل خانے نے ترکی میں مقیم امریکی شہریوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس دوران قونصل خانے کی عمارت کے نزدیک آنے سے گریز کریں۔