کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل کی مزار قائد پر حاضری

انھوں نے کہا ہے کہ ’’امریکا قائد اعظم محمد علی جناح کے جمہوری، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے تصور کی بھرپور حمایت کرتا ہے‘‘

کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے جمعرات کو پاکستان کے بانی رہنما محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر انہوں نے قائد اعظم کو خراج تحسین بھی پیش کیا، مزار پر پھول چڑھائے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

اپنے پیغام میں قونصل جنرل گریس شیلٹن نے لکھا:

’’امریکا قائد اعظم محمد علی جناح کے جمہوری، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے تصور کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ’’قائد اعظم کا پیغام ہم سب کے لئے مشعلِ راہ ہے، جس کی بدولت ایک مضبوط اور پُر امن پاکستان کا خواب شرمندہٴ تعبیر ہو سکتا ہے۔‘‘

گریس شیلٹن نے مزار سے متصل عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور قائد اعظم سے منسوب نوادرات کو دیکھا اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے ملاقات
اس سے قبل گریس شیلٹن نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار سے پی آئی بھی کالونی میں واقع عارضی مرکز پر ملاقات کی۔ گریس نے فاروق ستار کی خیریت بھی دریافت کی جو گزشتہ دنوں ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔

ملاقات تقریباً نصف گھنٹہ جاری رہی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہٴ خیال ہوا۔

ملاقات میں فاروق ستار کے علاوہ پارٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان اور رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین و دیگر بھی موجود تھے۔