اوباما انتظامیہ نے ریاست الاسکا کے ساحلوں کے قریب آرکٹک سمندر میں تیل کی تلاش کی سرگرمیوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعہ کو محکمہ داخلہ نے الاسکائی ساحل پر بوفورٹ اور چوکچی سمندروں میں دو بڑے ٹھیکوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
اس اعلان سے چند روز قبل ہی رائل ڈچ تیل شیل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ ان سمندروں میں بڑے ٹھیکے حاصل کر لے گی۔ اس نے یہاں اپنی سرمایہ کاری کو سات ارب ڈالر تک بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔
وزر داخلہ سیلی جیول کا کہنا تھا کہ "شیل کی طرف سے پہلے سے ٹھیکے پر حاصل کردہ علاقہ مروجہ کاروباری صورتحال اور اور ٹھیکے سے کم قیمت ہے۔ اس تناظر میں آئندہ ایک ڈیڑھ سال کے لیے آرکٹک میں ٹھیکہ دینا ناقابل فہم ہے۔"
محکمہ داخلہ نے شیل اور ناروے کی بڑی تیل کمپنی اسٹیٹ آئل کی طرف سے آرکٹک میں ٹھیکوں کو بڑھانے کی عرصہ قبل دی گئی درخواستوں کو بھی مسترد کر دیا۔ یہ ٹھیکے سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور حکومت میں دیے گئے تھے۔
ماحولیات کے تحفظ سے متعلق تنظیمیں ایک عرصے سے شیل کے مجوزہ منصوبوں اور اوباما انتظامیہ کی طرف سے انھیں منظور کرنے پر تنقید کرتی آرہی تھیں لیکن انھوں نے بھی جمعہ کو سامنے آنے والے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔