امریکی وزیرِ دفاع تین روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے

فائل

گزشتہ ایک برس کے دوران امریکی وزیرِ دفاع کا بھارت کا یہ دوسرا دورہ ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔

امریکہ کے وزیرِ دفاع ایش کارٹر تین روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں جہاں وہ بھارتی حکام کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون اور اسلحے کی تجارت سے متعلق امور پر مذاکرات کریں گے۔

جناب کارٹر اتوار کو بھارت کے ساحلی سیاحتی مقام گوا پہنچے جو بھارتی وزیرِ دفاع منوہر پاریکر کی آبائی ریاست بھی ہے۔

گزشتہ ایک برس کے دوران امریکی وزیرِ دفاع کا بھارت کا یہ دوسرا دورہ ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔

گوا پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں اور مشترکہ فوجی مشقوں کےعلاوہ کئی اہم امور پر گفتگو کریں گے۔

ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ دورے کےدوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون اور جنگی جہازوں کی مشترکہ تیاری اور پیداوار سے متعلق معاملات سرِ فہرست رہنے کی توقع ہے۔

امریکی اہلکار کے مطابق ایش کارٹر کے دورے سے قبل امریکی نائب وزیرِ دفاع فرینک کینڈل نے نئی دہلی کا دورہ کیا تھا جس میں مذکورہ بالا منصوبوں اور تجاویز پر طرفین کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوئے تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق ایش کارٹر کے ہمراہ بھارت پہنچنے والے وفد میں امریکی طیارہ ساز کمپنیوں بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

بھارتی حکومت واضح کرچکی ہے کہ وہ ان دونوں امریکی کمپنیوں میں سے اسی کے ساتھ طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرے گی جو اپنی ٹیکنالوجی بھارت منتقل کرنے اور طیاروں کی پیداوار بھارت میں کرنے پر آمادہ ہو۔