امریکہ کی عبوری نائب وزیرِ خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز رواں ماہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کریں گی۔
امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق ایلس ویلز کا خطے کا یہ پہلا دورہ ہوگا جو 30 جولائی سے آٹھ اگست تک جاری رہے گا۔
بیان کے مطابق ایلس ویلز – جو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کی عبوری نمائندۂ خصوصی کی ذمہ داریاں بھی ادا کر رہی ہیں – نئی دہلی اور اسلام آباد کے اپنے دوروں کے دوران سرکاری حکام، دانشوروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق دوروں کے دوران نئی دہلی اور اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانوں کا عملہ ایلس ویلز کو خطے میں امریکی مفادات اور امریکی اقدامات سے متعلق بریفنگ بھی دے گا۔
ایلس ویلز یہ دورہ ایک ایسے وقت کر رہی ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ افغانستان سے متعلق اپنی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔