فروری کے مہینے میں امریکہ میں غیر متوقع طورپر صنعتی شعبے کی سرگرمیوں میں کمی ظاہر ہوئی جب کہ معاشی ماہرین اس شعبے میں تیزی کی توقع کررہے تھے۔
فروری کے دوران امریکی صنعتی شعبے کو اپنی مصنوعات کے لیے نسبتاً کم آرڈرز موصول ہوئے جو اس شعبے میں سست روی کی سمت اشارہ ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ دیر پا مصنوعات کی فراہمی کے آرڈرز میں اضافہ ہوا۔
صنعتی شعبہ امریکی معیشت کی بحالی میں ایک اہم مقام رکھتا ہے اور دوسرے شعبوں کی نسبت اس میں ترقی کی شرح زیادہ رہی ہے۔
افرادی قوت کے امریکی محکمے کی طرف سے جاری ہونے والی ایک الگ رپورٹ میں ایک اور مثبت پہلو سامنے آیا ہے جس کے مطابق بےروزگاری الاؤنس کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کرانے والے امریکیوں کی تعداد پانچ ہزار سے کم رہی ۔کمی کے اس رجحان سے ملک میں مجموعی طورپر بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے والوں کی تعداد گھٹ کر تین لاکھ 82 ہزار رہ گئی ہے۔