ایک 80 سالہ بوڑھی عورت نے، جسے ہوائی جہاز اڑانے کا کوئی تجربہ نہیں تھا، ریاست وسکانسن میں ایک چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ اتار لیا۔
پیر کے روز ہنگامی صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب خاتون کا 81 سالہ شوہر، جو طیارہ اڑا رہاتھا، اچانک بے ہوش ہوگیا۔
بزرگ خاتون نے فوراً جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا اور ہنگامی مدد کے لیے ریڈیو پیغام بھیجا۔
مگر خاتون کو فوراً ہی ایک اور مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑ اور ہوا یوں کہ تیل ختم ہونے کی وجہ سے جہاز کا ایک انجن بند ہوگیا۔
ہنگامی امداد کے مرکز نے ایک دوسرے جہاز کو فضا میں بلند کیا تاکہ اس کا پائلٹ، مشکل میں گرفتار طیارے کی خاتون سے ریڈیو رابطہ قائم رکھ سکے۔
خاتون نے ریڈیو پیغامات کی مدد سے ریاست وسکانسن کی جھیل سڑگان کے نزدیک ایک کھیت میں طیارہ اتارنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
ناہموار زمین پر طیارہ اتارنے کے دوران لگنے والے جھٹکوں سے خاتون کو معمولی زخم آئے جب کہ اس کا خاوند بے ہوشی کی حالت میں ہی طبی وجوہ کی بنا پر انتقال کرگیا۔