امریکہ کےشمال مشرق میں شدیدبارشیں اورسیلاب

فائل فوٹو

امریکہ کے شمال مشرق کے کچھ علاقوں میں سنگین سیلاب کے باعث سڑکیں بند ہوگئی ہیں، ٹریفک رُک گیا ہے، اورکچھ لوگ گھروں کو چھوڑکر دوسرے مقامات پر چلے جانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

صدر براک اوباما نے منگل کو رات گئے رہوڈ آئی لینڈ کی چھوٹی ریاست میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیااور ریاست کے کچھ علاقے کے لیے ہنگامی وفاقی امداد کی فراہمی کے احکامات صادر کیے۔

سیلابی صورتِ حال کے باعث ریاست کے گورنو ڈونالڈ کارسئیری نے بدھ کو غیرسرکاری ملازمین کو گھرپر رہنے اور سفر نہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔

رہوڈ آئی لینڈ کے تقریباً وسط میں واقع پاتئی نامی دریا میں پانی کی سطح ریکارڈ کی حد تک یعنی ساڑھے 29فٹ اونچی ہوچکی ہے جو کہ طغیانی کی عام سطح کے مقابلے میں9.8فٹ اوپر ہے۔

اِس سے پیشتر اِسی ہفتے مسٹر اوباما نے رہوڈ آئی لینڈ کے شمال میں واقع میساچیوسٹس ریاست میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے احکامات جاری کیے تھے۔ موسمیات کی قومی سروس کے مطابق حالیہ شدید برساتوں کے باعث ریاست کے متعدد دریاؤں میں پانی کی سطح میں ریکارڈ حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سیلاب کے باعث دونوں ریاستوں کو آپس میں ملانے والی بین الریاستی 95سڑک کے کچھ حصوں کو بند کرنا پڑا۔

بدھ کو مساچیوسٹس اور رہوڈ آئی لینڈ میں سیلاب کے خطرے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔