امریکہ میں دوسری کرونا ویکسین کا مثبت تجزیہ؛ منظوری کے امکانات

فائل فوٹو

امریکہ کے خوراک اور ادویات کے وفاقی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اپنے ابتدائی تجزیہ میں کووڈ نائینٹین سے بچاؤ کی ایک دوسری ویکسین کو محفوظ اور موثر قرار دیا ہے۔

اس سے قبل امریکہ نے فائزر اور بائیو این ٹیک کمپنیوں کی بنائی گئی ویکسین کی ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی اجازت دی تھی اور اب یہ ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔

منگل کو خوراک اور ادویات کے ایف ڈی اے کے نام سے جانے والے ادارے نے ماڈرنا اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی بنائی گئی ویکسین کے مثبت جائزہ سے اس ویکسین کے استعمال کی منظوری کے امکانات بڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

امریکی اسپتالوں میں فائزر کی مہیا کی ہوئی ویکسین لگانے میں تیزی آ رہی ہے۔
غیرجانبدار ماہرین کی ایک کمیٹی ماڈرنا کمپنی کی بنائی گئی ویکسین کے متعلق اپنی سفارشات جمعرات کو پیش کرے گی۔ جس کے بعد ایف ڈی اے کی طرف سے جلد ہی منظوری متوقع ہو گی۔

ادارے کے سٹاف نے ماڈرنا کی ویکسین کے بارے میں منگل کو کوئی خاص بڑے سوالات نہ اٹھائے۔

امریکہ میں اس وقت صحت عامہ کے سٹاف کو ترجیحی بنیادوں پر فائزر کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نے ویکسین کا پہلا ٹیکا لگانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دنیا کو اس موقع پر مبارک باد ہو۔

فائزر کی بنائی گئی ویکسین کو انتہائی ٹھنڈے درجہ حرارت میں محفوظ کیا جاتا ہے اور اس کی امریکہ کے تقسیم کرنے کے مراکز کو سپلائی کا کام اتوار کو شروع ہوا۔