امریکہ کی وزارت خارجہ نے ہیٹی کا سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے اپنے شہریوں کو متنبہ کرتے ہوئے اُن پر زور دیا ہے کہ وہ اس بارے میں احتیاط برتیں۔
یہ سفری انتباہ ہیٹی میں سنگین جرائم میں اضافے، ہیضے کی وبا پھوٹنے اور ناکافی انتظامی ڈھا نچے کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔ ہیٹی میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ پورٹ او پرنس کے کچھ علاقوں میں مظاہروں کی اطلاعات ہیں اس لیے امریکی شہری دارالحکومت میں سفر کو آئندہ نوٹس تک موخر کر دیں۔
امریکی شہریوں کے یہ سفری انتباہ ایسے وقت جاری کیا گیا جب ہیٹی کے صدر مائیکل مارٹلی نئی حکومت کے قیام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ملک کے قانون سازوں نے صدر مارٹلی کے نامزد کردہ وزیراعظم کی نامزدگی کو رد کر دیا تھا۔
سابق ”پاپ میوزیک“ سٹار صدر مائیکل مارٹلی مارچ میں صدر منتخب ہوئے تھے اور مئی میں اُنھوں نے اپناعہدہ سنبھالا تھا لیکن اُن کے پاس اس سے قبل کوئی سیاسی تجربہ نہیں تھا۔