امریکہ ایران پر نئی اور زیادہ سخت پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کررہاہے ۔
امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جمعہ کو دیر گئے بتایا کہ یہ پابندیاں پیر تک منظر عام پر آسکتی ہیں اور اس میں ایران کی پٹرولیم کی صنعت کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی قدغنوں میں غیر ملکی کمپنیوں کو ایران میں سرمایہ کاری سے روکا جائے گا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایسی غیر ملکی کمپنیاں جو ان پابندیوں کی پاسداری نہیں کریں گی ان کی امریکی منڈیوں تک رسائی ختم کردی جائے گی۔
امریکہ کی طرف سے یہ اقدام اقوام متحدہ کے جوہری ادارے (آئی اے ای اے) کی طرف سے جمعہ کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ظاہر کی گئی گہری تشویش کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔
آئی اے ای اے کے 35 رکنی بورڈ نے چین اور روس کی طرف سے قرارداد میں نسبتاً کم سخت الفاظ استعمال کرنے کی تبدیلی کے بعد منظور کرلی تھی۔