امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقوں کا اعلان

امریکہ اور جنوبی کوریا 25 جولائی سے بڑے پیمانے پر مشترکہ مشقیں شروع کریں گے جن کا مقصدمستقبل میں شمالی کوریا کی طرف سے کسی بھی طرح کی جارحانہ کارروائی کا بروقت جواب دینا ہے ۔

دونوں ممالک کے دفاعی شعبے کے سربراہان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ کی ان مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد شمالی کوریا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ وہ اپناجارحانہ رویہ ترک کرے اور اس حقیقت کو سمجھے کہ امریکہ اور جنوبی کوریااپنی مشترکہ دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کے عزم پر قائم ہیں۔

رواں سال مارچ میں جنوبی کوریا کے ایک بحری جنگی جہاز کے ڈوبنے اور اُس میں 46 افراد کی ہلاکت کی ذمہ داری جنوبی کوریا نے شمالی کوریا پر عائد کی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شمالی کوریا اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے اوراُس نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگراُس کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی تو وہ اس کا جواب جنگ کی صورت میں دے گا۔

امریکہ اور جنوبی کوریا کے مابین چار دن تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں 20 جنگی بحری جہاز، 200 لڑاکا طیارے اور آٹھ ہزار فوجی حصہ لیں گے۔