’تھاڈ‘ کی تنصیب، ٹرمپ کی محکمہ ٴدفاع اور محکمہٴ خارجہ سے مشاورت

امریکی محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ ’تھاڈ‘ کی تنصیب کی منسوخی کا معاملہ ’’اُس گفتگو کا حصہ ہے‘‘ جو وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن اور وزیر دفاع جِم میٹس نے جمعرات کے روز اوول آفس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران کی

وائٹ ہاؤس کے ایک اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ، وزیر خارجہ اور وزیر دفاع نے جنوبی کوریا کی جانب سے امریکی بیلسٹک میزائل کےدفاعی نظام کی جنوبی کوریا میں تنصیب کی معطلی کے معاملے پر غور کیا۔

جنوبی کوریا نے بدھ کے روز ’یو ایس ٹرمینل ہائی آلٹی ٹیوڈ ایریا ڈفنس (ٹی ایچ اے اے ڈی) کے پروگرام کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔

اہل کار نے کہا ہے کہ امریکی حکام اس معاملے پر ’’اپنے اتحادی جنوبی کوریا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں‘‘۔

اہل کار نے مزید کہا کہ جنوبی کوریا کی حکومت نے امریکہ کو یقین دلایا ہے کہ وہ دفاعی میزائل نظام کے بارے میں اپنے پچھلے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں، اور کہا کہ امریکہ نے جنوبی کوریا کو اسی قسم کی یقین دہانیاں کرائی ہیں۔

جنوبی کوریا کی جانب سے بدھ کو پروگرام کی معطلی کے اعلان کے بعد، پروگرام کا مستقبل غیر یقینی ہوگیا ہے۔

جمعرات کے روز، شمالی کوریا نے اطلاع دی ہے کہ اس نے زمین سے سمندر میں مار کے قابل کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو فوجی حملے کی صورت میں دشمن کے لڑاکا جہازوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

سرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے، ’کے سی این اے‘ نے خبر دی ہے کہ شمالی کوریا نے جمعرات کی صبح زمین سے سمندر کی جانب کئی میزائل روانہ کیے، جن کی ملک کے راہنما، کِم جونگ اُن نے نگرانی کی۔

رپورٹ کے مطابق، یہ میزائل مشرقی بحیرہٴ کوریا میں تیرتے ہوئے نشانوں پر ٹھیک ٹھیک لگے۔

ایک ماہ کے اندر شمالی کوریا کی جانب سے میزائل کا یہ چوتھا تجربہ تھا، جس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گذشتہ ہفتے کِم کی حکومت پر نئی تعزیرات عائد کی ہیں۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ ’تھاڈ‘ کی تنصیب کی منسوخی کا معاملہ ’’اُس گفتگو کا حصہ ہے‘‘ جو وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن اور وزیر دفاع جِم میٹس نے جمعرات کے روز اوول آفس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران کی۔

نوئرٹ نے کہا کہ ’’یہ وہ گفتگو ہے جو اعلیٰ ترین سطح پر ہوئی۔ ہم جنوبی کوریا کے اپنے اتحادی کے ساتھ عزم پر قائم ہیں۔ یہ عزم لوہے کی طرح پختہ ہے۔ یقینی طور پر ہم صورت حال اور مزید تنصیب کی معطلی کے معاملے سے آگاہ ہیں‘‘۔

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ وہ ’تھاڈ دفاعی میزائل نظام‘ کے باقی آلات کی تنصیب میں تاخیر کرے گا، جب تک وہ نظام کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ مکمل نہیں کرلیتا۔