شام میں امریکی فضائی حملوں سے 785 جنگجو ہلاک: رپورٹ

سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس کی رپورٹ کے مطابق شام میں امریکی فضائی حملوں سے دولت ِاسلامیہ کے 785 جنگجو ہلاک ہوئے۔

شام کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے والے ایکٹیوسٹ گروپ ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے رواں برس ستمبر سے شام میں دولت ِاسلامیہ کے جنگجوؤں پر کیے جانے والے فضائی حملوں میں اب تک 900 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس کا کہنا ہے کہ ان ہلاکتوں میں 50 سے زائد شہری بھی ہلاک ہوئے جس میں پانچ خواتین اور آٹھ بچے شامل ہیں۔

گروپ کی رپورٹ کے مطابق ان ہلاکتوں میں اکثریت جنگجوؤں کی ہلاکت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی فضائی حملوں سے 785 جنگجو ہلاک ہوئے۔

سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس اپنا ڈیٹا ان نیٹ ورکس سے اکٹھا کرتا ہے جو شام میں زمین پر موجود ہیں اور صورتحال کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں۔