یونائیٹڈ اسٹیٹس منٹ (امریکہ کی ٹکسال) نے پیر کے روز امریکن ویمن کوارٹرز پروگرام شروع کیا جو مختلف امریکی خواتین کے کام اور کامیابیوں کو اعزاز دینے کے لیے ایک چار سالہ پروگرام ہے جس کے تحت2022سے 2025 تک جاری کیے جانے والے نئے کوارٹرز (پچیس سینٹ کے سکے) پر ان خواتین کی تصاویر نقش ہوں گی۔
پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے ٹکسال نے کوارٹرز جاری کیے ہیں جس پر ایک مصنفہ، گلوکارہ اور سرگرم کارکن مائیو اینجیلو کی شبیہ نقش ہے۔ وہ اپنی 1969 کی یادداشتوں کے باعث جانی جاتی ہیں ،جس کا عنوان ہے 'مجھے معلوم ہے کہ پنجرے میں قید پرندے کیوں گاتے ہیں'۔سکےّ پر دکھایا گیا ہے کہ اینجیلو کے ہاتھ چڑھتے سورج اور ایک محوِ پرواز پرندے کے سامنے پھیلے ہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ جینیٹ ییلن کا کہنا تھا کہ ہر مرتبہ جب بھی ہم اپنی کرنسی کو نئی شکل دے رہے ہوتے ہیں تو ہمارے پاس موقع ہوتا ہے کہ ہم اپنے ملک کے متعلق کچھ کہہ سکیں۔ ہماری قدریں کیا ہیں اور ہم نے بحیثیت معاشرہ کیا ترقی کی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ یہ سکےّ مایا انجیلو سمیت امریکہ کی انتہائی قابلِ قدر خواتین کے کام کو اجاگر کر رہے ہیں۔
ٹکسال کی ڈپٹی ڈائریکٹر، وینٹرس گبسن کا کہنا ہے کہ مایا اینجیلو نے لفظوں کے ذریعے متاثر کیا اور جوش اور ولولہ پیدا کیا''۔
امریکی ٹکسال کے فنّی پروگرام کی آرٹسٹ، ایملی ڈیمسٹرا نے اس کا ڈیزائن تخلیق کیا اور تمغہ ساز گریگ اے۔ کیمپبل نے اسکو تصویر کی شکل میں ڈھالا۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق دونوں آرٹسٹ اینجلو کی شاعری اور انکے زندگی گزارنے کے ڈھنگ سے بہت متاثر ہیں۔
اینجلو کی شبیہ والا سکہّ اُن پانچ نئے سکوّں میں سے ایک ہے جو اس سال جاری کئے جائیں گے۔ اُن میں سے ہر ایک پر اُن معروف خواتین کی شبیہ ہو گی جنہوں نے اپنے پیشے اور ادارے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
یہ اعزاز حاصل کرنے والی ایک اور خاتون سیلی رائڈ ہیں۔ ایک ماہر طبیعات اور ماہر تعلیم جنہوں نے اس وقت تاریخ رقم کی جب اٹھارہ جون انیس سو تراسی کو وہ شٹل چیلنجر پر پرواز کرتے ہوئے خلاء میں داخل ہوئیں۔ انہوں نے ناسا کی انیس سو ستر میں اس ئی پالیسی کی پیروی کی کہخواتین کو خلاء میں جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔
جب انیس سو چھیاسی میں 'چیلنجر' خلائی گاڑی فضا میں پھٹ گئی تو وہ حادثے کے اعلیٰ تفتیش کاروں میں شامل تھیں۔
ٹکسال نے سب سے پہلے سن دو ہزار اکیس میں اینجلو اور رائڈ کو یہ اعزاز دیا تھا بعد میں پچھلے جون میں تین مزید خواتین کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا۔ سکےّ پر شبیہ کا یہ اعزاز پانے والی ولما مانیکر، ایڈلینا اوٹیرو اور اینا مے وانگ ہیں۔
مانیکر وہ پہلی خاتون ہیں جو چیرکی قوم کی پرنسپل چیف منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے امریکہ کی آبائی قومیتوں کے حقوق کی جنگ کے لیے اپنے آپ کو وقف کر رکھا ہے۔ کوارٹر پر شبیہ میں چیرکی کے سات ستارے والےجھنڈے کے ساتھ انہیں روایتی لباس پہنے دکھایا گیا ہے۔
اوٹیرو وارن سانتا فے پبلک سکول کی پہلی خاتون سپرنٹنڈنٹ اور نیو میکسیکو کی حقِّ رائے دہی تحریک کی چوٹی کی لیڈر تھیں۔ ان کی کوششوں سے امریکی خواتین کو ووٹ کا حق ملا۔
ہالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے والی پہلی چینی فلم سٹار، وانگ نے ساٹھ سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ انہیں سب سے پہلے 1922 میں فلم The Toll of the Sea میں مرکزی کردار دیا گیا تھا لیکن ان کے فن اور شہرت کے باوجود انہیں امریکہ میں نسلی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کئی سال فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے بعد امریکہ چھوڑ گئیں۔ وانگ کو فلاحی کاموں کے باعث بھی جانا جاتا ہے۔انہوں نے جنگ عظیم دوم میں، چینی پناہ گزینوں کے لیے رقم جمع کی اور انکے حق میں آواز اٹھائی۔
ہر سال پانچ نئے سکے ّجاری کئے جائیں گے اور سن دوہزار پچیس تک 20 خواتین ان سکّوں کو اپنی شبیہ کا اعزاز بخشیں گی۔
منٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر وینٹریس گبسن نے پریس ریلیز کے مطابق کہا ہے کہ ان کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ یہ امریکہ میں استعمال ہونے والے پہلے سکے ہوں گے جو امریکی خواتین اور امریکی تاریخ میں ان کی شرکت کو اجاگر کرنے کے لیے وقف ہیں۔
گبسن نے کہا کہ ان تاریخی سکوں کے اجرا کے اس پروگرام میں کامیابیوں کا جشن منایا جا رہا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق، فلاڈیلفیا اور ڈینور کی ٹکسالوں میں تیار کردہ کوارٹرز اب پورے ملک میں بھیجے جائیں گے۔