ایک مسافر طیارے سے جمعے کے روز روایتی اسلامی لباس میں ملبوس دو مسلمانوں کو اس وقت اتار دیا گیا جب پائلٹ نے انہیں سیکیورٹی کلیئرنس کے باوجود اپنے ساتھ لے جانے سے انکار کردیا۔
یہ واقعہ امریکی ریاست ٹینی سی کے جنوبی شہر ممفس کے ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ دونوں مسلمان ریاست نارتھ کیرولائنا میں مسلمانوں کے ساتھ تعصب کے برتاؤ کے سلسلے میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے طیارے میں سوار ہوئے تھے۔
ایک مقامی کمپنی اٹلانٹک ساؤتھ ایسٹ ایئرلائنز کے طیارے نے رن وے کی طرف جانا شروع کردیا تھا کہ اچانک پائلٹ کا ارادہ بدل گیا اور وہ طیارے کو واپس ٹرمینل پر لے گیا۔
طیارے سے اتارے جانے والے ایک مسلمان مسافرمصدر رحمن نے، جو ممفس یونیورسٹی میں عربی کے پروفیسر ہیں، نامہ نگاروں کو بتایا کہ پائلٹ نے ان سے کہا کہ وہ انہیں جہاز میں اپنے ساتھ لے جانے کے لیے تیار نہیں ہے۔
رحمن نے کہا کہ پائلٹ کا کہنا تھا کہ جہاز میں تمہارے اور دوسرے مسلمان مسافر کی وجہ سے کچھ مسافر پریشانی یا بے اطمینانی محسوس کرسکتے ہیں ۔
ایئر پورٹ سیکیورٹی کے سرکاری ادارے نے تصدیق کی ہے کہ دونوں مسلمان مسافر کو طیارے سے اتار دیا گیاتھا۔ سیکیورٹی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے دونوں مسافروں کی چیکنگ کے بعد انہیں طیارے میں سوار ہونے کی اجازت دی تھی۔
فضائی کمپنی اٹلانٹک ساؤتھ ایسٹ ایئرلائنز نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کی چھان بین کریں گے۔ دونوں مسافروں کو تلافی کی پیش کش کی گئی ہے اور انہیں ایک دوسری کمپنی کے طیارے کی پرواز کے ذریعے لے جایا گیا۔