جاپان کے ساحلی محافظوں کا کہنا ہے کہ ایک امریکہ بحری جہاز کے تجارتی کشتی سے ٹکرانے کے بعد سے سات امریکی اہلکار لاپتا ہیں۔
یہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح جاپان کے ساحل سے قریب پیش آیا۔
امریکی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ 'یو ایس ایس فٹزجیرالڈ' اور فلپائن کے پرچم بردار تجارتی جہاز کے درمیان تصادم ہوا، لیکن حکام کا کہنا تھا کہ وہ اس میں زخمی ہونے والوں کی تعداد کا تعین کر رہے ہیں۔ امریکی حکام نے لاپتا اہلکاروں کے بارے میں خبروں کی تاحال تصدیق نہیں کی ہے۔
امریکی بحریہ کے سیونتھ فلیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ایک زخمی امریکی اہلکار کو جاپانی سرحدی محافظوں کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے یہاں سے منتقل کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق مزید دو امریکی کشتیوں اور طبی امداد روانہ کر دی گئی ہے اور بحریہ کا ایک ہوائی جہاز کسی بھی طرح کی معاونت کے لیے تیار ہے۔
سیونتھ فلیٹ کے مطابق یہ تصادم جاپان کے جنوب مغربی یوکوسوکا ساحل سے 56 ناٹیکل میل کے فاصلے پر مقامی وقت کے مطابق رات دو بج کر 30 منٹ پر ہوا۔
Your browser doesn’t support HTML5
تصادم سے امریکی بحری جہاز کو نقصان پہنچا ہے اور بحریہ کے مطابق جہاز کے مختلف حصوں میں پانی داخل ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق اس طرح تصادم کے واقات غیر معمولی ہیں۔