نائیجیریا میں انتخابی اصلاحات ضروری ہیں: امریکہ

نائیجیریا میں انتخابی اصلاحات ضروری ہیں: امریکہ

ایک امریکی سفارت کار نے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ نائیجیریا میں 2011 کا صدارت انتخاب قابلِ اعتبار ہو، نائیجیریا کے لیے لازم ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کو اعلیٰ ترین ترجیح کا معاملہ بنائے۔

امریکہ کے معاون وزیرِ خارجہ جانی کارسن نے منگل کے روز واشنگٹن میں افریقہ میں سب سے بڑی آبادی والے ملک کے ساتھ امریکہ کے تعلقات بارے میں سینیٹ کے لیے ایک بریفنگ میں یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نائیجیریا نقائص سے بھرے ہوئے 2007 کے صدارتی انتخاب کی غلطیوں کو دہرانے کا متحمّل نہیں ہوسکتا۔کارسن نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ پولنگ شفاف، آزاد اور منصفانہ ہو، امریکہ تیکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

کارسن نے یہ بھی کہا ہے کہ نائیجیریا کو لازمی طور پر بد عنوانیوں کو ختم کرنے، غربت میں کمی لانے روزگار کے وسائل پیدا کرنے کے لیے حکومت کے اندازِ کار اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہوگا۔

معاون وزیرِ خارجہ نے اس ماہ کے شروع میں ابوجا کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ملک کے قائم مقام صدرگُڈ لک جوناتھن سے ملاقات کی تھی۔

کارسن نے کہا کہ مسٹر جوناتھن نے سرکاری طور پر اور نجی حیثیت میں اصلاحات کے جو وعدے کیے ہیں ، اُن سے امریکہ کی حوصلہ افزائى ہوئى ہے۔